عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // محمد عالم ولد غلام حسین چیچی سکنہ ہسپلوٹ بانڈیاں کا رہائشی مکان حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث شدید متاثر ہو کر ناقابلِ استعمال ہو گیا ہے۔ متاثرہ شخص کے مطابق بارشوں کی شدت نے نہ صرف مکان کی دیواروں میں گہری دراڑیں ڈال دی ہیں بلکہ اردگرد کی زمین بھی تیزی سے کھسک رہی ہے، جس سے جانی اور مالی نقصان کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ اس سلسلے میں متاثرہ شہری نے میڈیا کو بتایا کہ مکان میں اہل خانہ کے تمام افراد اور مال مویشی بھی موجود ہیں، جس کے باعث ہر لمحہ یہ اندیشہ رہتا ہے کہ کسی بھی وقت مکان یا اس کے اطراف کی زمین زمین بوس ہو سکتی ہے۔ اس صورتحال نے پورے خاندان کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک غریب شخص ہے جس نے مزدوری کر کے اس مکان کی تعمیر کی تھی جو اس کی انکھوں کے سامنے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے جس کی وجہ سے وہ شدید رنج و مبتلا ہیں۔ محمد عالم نے تحصیل انتظامیہ بالخصوص ایس ڈی ایم تھنہ منڈی سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں اور بروقت اقدامات کر کے انہیں کسی بڑے سانحے سے محفوظ بنایا جائے۔