بارشوں کے نتیجے میں پسیوں سے کھڑی ۔ مہو سڑک بند

Towseef
3 Min Read

سنگلدان میں سڑکوں کا پانی لوگوں کے گھروں میں گھس گیا ، مکانوں کو نقصانات

محمد تسکین

بانہال // سب ڈویژن بانہال اور سب ڈویژن گول کے علاقوں میں بُدھ کے روز ہوئی شدید بارشوں کی وجہ سے کئی رابطہ سڑکوں پر پتھر اور پسیاں گر آئی ہیں جبکہ سنگلدان کے علاقے میں پی ایم جی ایس وائی کی آدھی ادھوری سڑکوں کا پانی لوگوں کے گھروں میں گھس گیا ہے جبکہ دو رہائشی مکانوں کو شدید نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات ہیں ۔ بدھ کی صبح بارشوں کی وجہ سے کھڑی ۔ مہو منگت رابطہ سڑک ریلوے ٹنل سرن کے قریب پسیوں کی زد میں آگئی جس کی وجہ سے مہو منگت ، ترگام ، کملہ، بزلہ ، باوا ، آرم ڈھکہ اور کاونہ کے ایک درجن سے زائید علاقے تحصیل ہیڈکواٹر کھڑی سے منقطع ہو گئے تھے تاہم سہ پہر کو پہنچی اطلاعات کے مطابق انتظامیہ کی طرف سے سڑک کو منڈکباس تک بحال کیا گیا تھا ۔ سب ڈویژن گول کے سنگلدان علاقے سے تعلق رکھنے والے کئی مقامی لوگوں نے بتایا کہ پی ایم جی ایس وائی کیطرف سے ماولکوٹ سے ٹھٹھارکہ تک تعمیر کئے گئے لنک روڈ کا ڈرینج سسٹم تعمیر ہی نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے آج صبح تیز بارشوں کی وجہ سے اس سڑک نے ایک نالہ کی شکل اختیار کی اور نالے کا پانی محمد انشاق گنائی ، محمد دلجان گنائی اور محمد رفیق ماگرے سمیت کئی گھروں میں چلایا گیا ، جس کی وجہ سے لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سڑکیں پی ایم جی ایس وائی کے ملازمین اور ٹھیکیداروں کیلئے سونے کی کان بنی ہوئی ہیں اور وہ من مرضی سے اپنا کام انجام دے رہے ہیں اور اپنے فائیدے کیلئے لوگوں کو تختہ مشق بنایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا ایسے ہی ایک اور واقع میں سنگلدان کے سرنڈا ۔ گمیری رابطہ سڑک کا پانی لوگوں کے گھروں میں گھس گیا ہے جس کی وجہ سے حاکم الدین لوہار اور محمد لطیف لوہار ساکنہ سرنڈا ٹھٹھارکہ کے رہائشی مکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک ان سڑکوں کی پانی نکاسی کی نالیاں بنائی ہی نہیں گئی ہیں جبکہ ماولکوٹ ۔ ٹھٹھارکہ سڑک پر چند ماہ پہلے ڈالا گیا میکڈم اب اکھڑ گیا ہے ۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ رام بن اور سب ڈویژنل انتظامیہ گول سے اس معاملے کی طرف توجہ دینے اور نقصانات کا معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

Share This Article