بانہال // پیر کی صبح ہلکی بارشوں کے باوجود جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور پیر کے روز جموں سے سرینگر کی طرف مال بردار ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی، تاہم چھوٹی مسافر بردار گاڑیوں کو شاہراہ پر دوطرفہ طور چلنے کی اجازت تھی۔ پیر کی صبح سے ہی بارشوں کا سلسلہ صبح کے دس بجے تک جاری رہا تاہم اس سے ٹریفک کی نقل وحرکت بغیرکسی خلل کے جاری رہی۔ ٹریفک ذرائع نے بتایا کہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی تاہم اتوار اور پیر کی رات رام بن بانہال سیکٹر میں کئی مقامات گر آئے پتھروں کو پیر کی صبح ہی صاف کرکے شاہراہ کو قابل آمدورفت بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیر کی شام تک بیشتر ٹریفک نے بانہال ٹنل کو پار کیا تھا اور یہ سلسلہ شام دیر تک جاری تھا۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی ریاست جموں وکشمیرکے کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کے امکان کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز پنتھیال کے مقام پر دو مسافر گاڑیاں ملبے میں پھنس جانے کے بعد گرتے پتھروں کی زد میں آگئی تھیں ،تاہم تمام مسافر پہلے ہی گاڑیوں سے نکل گئے اور شاہراہ کے رام بن بانہال کے خونین سیکٹر میں ایک بڑا حادثہ ٹل گیا تھا جو کسی معجزے سے کم نہیں تھا۔