محمد تسکین
بانہال// بانہال اور رام بن کے علاقوں میں مجموعی طور تین روز سے موسم ابر آلود ہی رہا اور جمعرات کے دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارشیں ہوئیں تاہم مجموعی طور پورے دن بیچ میں دھوپ اور بیشتر دن مطلع ابرآلود رہا ۔ ابر آلود موسم کی وجہ سے دوپہر بعد بانہال میں روشنی کم رہی اور پیر پنجال اور ہمالیائی پہاڑی سلسلوں پر دھند جیسی صورتحال رہی۔ اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی تاہم بانہال ریلوے سٹیشن کے علاقے میں فورلین شاہراہ پر ٹریفک جام رہا کیونکہ یہاں ریلوے چوک سے سرینگر سے جموں جانے والے ٹریفک کو قصبہ بانہال سے چھوڑ دیا جاتا ہے۔ یہ سلسلہ پچھلے کئی روز سے بانہال بائی کی دو میں سے ایک ٹیوب پر کئے جارہے کام کی وجہ سے ایک ہی ٹیوب کام کر رہی ہے۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعرات کے روز ٹرکوں اور ٹینکر کو وادی کشمیر سے جموں کیطرف جانے کی اجازت دی جبکہ مسافر گاڑیوں نے دونوں طرف کے ٹریفک میں سفر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ شام تک رام بن اور بانہال کے سیکٹر کئی مقامات پر ہلکی بارشیں ہورہی تھیں اور جمعہ کے روز اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے گاڑی والوں اور مسافروں کو شاہراہ کی تازہ صورت حال جاننی چاہئے ۔