سرینگر + بارہمولہ//پیرپنچال کے آر پار بدھ کو چوتھے روز بھی وقفے وقفے سے بارشوں کاسلسلہ جاری رہا اس دوران بارہمولہ ضلع میں شدید بارشوں کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی جبکہ اوڑی میں پسیاں اور پتھر گرآنے کے نتیجے میں وہاں ایک رہائشی مکان کو نقصان پہنچا ہے ۔ادھر سرینگر جموں شاہراہ بھاری پتھر گر آنے کی وجہ سے بند ہوگئی۔ وادی کے طول و عرض میں اتوار کی صبح مطلع ابر آلود رہنے کے بعدموسم نے کروٹ بدلی اور بالائی ومیدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جو بدھ کی شام تک وقفے وقفے سے جاری رہا۔مجموعی طور پر وادی کے کم و بیش تمام اضلاع اور قصبہ جات میںموسلادھار بارشیں ہوئیں اور موسم میں اس تبدیلی کے پیش نظر درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ۔ادھر ماہرین وادی میں خشک سالی کے خاتمے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے اُمید ظاہر کررہے ہیں کہ اس کے مثبت اثرات آنے والے زرعی سیزن پر نمایاں طور پر ظاہر ہونگے۔محکمہ موسمیات نے کے وادی میں جمعرات دوپہر تک موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ادھر بارہمولہ کے نارواو ،شیری ،فتح گڈھ ،زنڈفرن ،ملہ پورہ ،کنڈی ، ، گانٹہ مولہ ،حاجی بل کے علاوہ کئی علاقوں میں شدید ژالہ باری ہوئی جس نے میوہ باغات کے علاوہ دیگر فصلوں کو تباہ کیا ہے جس کی وجہ سے کسانوں میں تشویش پائی جارہی ہے ۔اوڑی کنٹرول لائن پر واقعہ بٹگراں گائوں میں منگل کی شام شدید بارشوں کے دوران پسیاں اور پتھر گر آئے ، جس کے نتیجے میں سید منظور احمد کا رہائشی مکان تبا ہو گیا۔دریں اثنائوادی چناب میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا اور اس دوران شدید بارشوں کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ پر پیڑا کے مقام کئی بڑے پتھر اور چٹانیں سڑک پر گرآئیں جس کی وجہ سے شاہراہ کم ازکم دو گھنٹوں تک بند رہی۔شاہراہ کو بدھ کی شام چھ بجے دوبارہ قابل آمدورفت بنایا گیا۔