محمد تسکین
بانہال//برفباری اور بارشوں سے چار مہینوں سے جاری خشک سالی کا دور ٹوٹ گیا ہے اور اس سے زمینداروں اور عام لوگوں میں خوشی ہے ۔ ضلع رام بن کے علاقوں میں برفباری اور موسلادھار بارشوں نے لوگوں میں ہر طرف سے خوشی کی لہر دوڑائی ہے اور چار مہینوں سے جاری خشک سالی اور بارشوں اور برفباری کے منتظر عام لوگوں اور زمینداروں کی مایوسی بھی چھٹ گئی ہے۔ سب ڈویژن بانہال کے جواہر ٹنل ، کھڑی مہو منگت ، نیل پوگل پرستان اور سینابتی کے علاقوں میں چار سے بارہ انچ تک برف ہوئی جبکہ بانہال ، نوگام اور چملواس کے نچلے علاقوں میں دو سے چار انچ تک برف ہوئی ہے جبکہ جمعرات کی سہہ تک موسلادھار بارشوں نے بے جان پڑی زمین اور خشک پڑے چشموں اور ندی نالوں میں نئی جان ڈال دی ہے ۔پتنی ٹاپ ، سناسر اور نتھا ٹاپ میں بھی برفباری نے سیاحوں کے رش کو بڑھا دیا ہے اور لوگوں برف سے لطف اندوز ہونے کیلئے پتنی ٹاپ پہنچ رہے ہیں۔ تحصیلدار بانہال امتیاز احمد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ کو نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کیکمپنیوں نے جبکہ جواہر ٹنل کی سابقہ شاہراہ کو بارڈر روڈ آرگنائزیشن کی بیکن نے قابلِ آمدورفت بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ سب ڈویژن بانہال کی ستر فیصدی سڑکیں قابل آمدورفت ہیں جبکہ بھاری برفباری والے علاقوں میں سڑکوں کو صاف کیا جارہا ہے ۔