محمد تسکین
بانہال // ہفتے کی دیر رات سے بانہال اور رامسو کے درمیان وقفے وقفے سے برفباری ہو رہی ہے جبکہ رام بن سے ادھم پور کے سیکٹر میں بارشیں ہو رہی ہیں اور برفباری اور بارشوں کا یہ سلسلہ اتوار شام تک رک رک کر جاری تھا اور برف کی تازہ چادر نے بانہال اور رام بن کے علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے۔ بارشوں اور برفباری کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ جزوی طور ٹریفک کی دو طرفہ آمدورفت کیلئے بحال ہے تاہم گزشتہ روز صبح گیارہ بجے قریب کشتواڑی پتھر شیر بی بی کے مقام اوپر پہاڑی سے ایک پسی کے گر آنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحرکت کم از کم ڈیڑھ گھنٹے تک معطل رہنے کے بعد اسے یکطرفہ اور جزوی طور دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔ شاہراہ کے بند ہونے اور متعدد مقامات پر پتھروں اور پسیوں کے گرنے اور تازہ برفباری کے پیش نظر اتوار کی دوپہر سے کچھ پہلے ادھم پور اور قاضی گنڈ سے مزید ٹریفک کو آگے بڑھنے سے روک دیا گیا ہے۔رامسو اور بانہال کے درمیان شاہراہ پر ٹریفک کی بحالی کی نگرانی کررہے ڈی ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے بانہال محمد اصغر ملک نے شیربی بی سے فون پر کشمیر عظمی کو بتایا کہ شیر بی بی کے مقام اتوار کی صبح بند ہوئی شاہراہ کو جزوی طور دوبارہ بحال کیا گیا ہے اور یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل اس پسی کے دونوں طرف درماندہ ہوئے مال اور مسافر بردار ٹریفک کو ایک ایک کرکے نکالنے کا عمل شام تک جاری تھا اور موسم اور سڑک کی خراب حالات کے پیش نظر مزید ٹریفک کو قاضی گنڈ اور ادھم پور میں آگے بڑھنے سے روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈھلواس کے مقام کیچڑ کی وجہ سے سڑک کی حالت خراب اور پھسلن بھری ہے جبکہ کیفٹیریا موڑ ، مہاڑ ، مکرکوٹ ، ناچلانہ ، کشتواڑی پتھر شیر بی بی ، شالگڑی اور ہنگنی کے مقام سڑک یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے اور وہاں ٹریفک کو ایک ایک کرکے نکالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی سے بھرپور برفباری کی وجہ سے اتوار کی صبح سے ہی بانہال کے چملواس شالگڑی علاقے میں بھی پتھروں کے گرنے کا سلسلہ اتوار شام تک جاری تھا تاہم وہاں پر فورلین شاہراہ کی موجود مشینری کی مدد سے پتھر اور ملبہ ہٹا کر ٹریفک کو ایک ایک کرکے نکالا جا رہا ہے۔ انہوں نے گاڑی والوں خاص کر مسافر گاڑی والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اوور ٹیکنگ سے اجنتاب کریں اور لین ڈرائیونگ میں چلیں اور اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے شاہراہ کی صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کریں۔