یو این آئی
بارسلونا/بارسلونا فٹ بال کلب ٹیم کے کوچ ہینسی فلک نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کو اپنے دفاعی کھیل میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے ، تاکہ وہ یورپی چیمپئن پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) جیسے حریفوں کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکے ۔اے ایف پی کے مطابق یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب بدھ کی شب یوئیفا چیمپئنز لیگ یوکے گروپ مرحلے کے ایک میچ میں پی ایس جی نے 90ویں منٹ میں گول کر کے بارسلونا کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے دی۔ فیصلہ کن گول گونزالو راموس نے کیا۔کوچ ہینسی فلک نے تسلیم کیا ہے کہ پیرس سینٹ جرمن کا کھیل اعلیٰ سطح کا تھا اور ان کی ٹیم بارسلونا نے خاص طور پر دفاعی شعبے میں کمزوریاں دکھائیں، جیسا کہ گزشتہ سیزن کے سیمی فائنل میں انٹر میلان کے خلاف ہوا تھا، جہاں بارسلونا کی ٹیم دو میچز میں 7گول کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی تھی۔ ہینسی فلک نے کہا کہ جب سکور 1-1 سے برابر ہو تو بہتر دفاعی حکمت عملی ضروری ہوتی ہے ۔ ہمیں اس سے سیکھنا ہے اور آئندہ ایسی ٹیموں کے خلاف بہتر کھیل پیش کرنا ہوگا۔جرمن کوچ نے کہا کہ پی ایس جی نے جیت کے لئے ہم سے بہتر کھیل پیش کیا، ہم اپنی بہترین فارم میں نہیں تھے مگر میں اپنی ٹیم پر یقین رکھتا ہوں کہ وہ آئندہ میچز میں ایسی غلطیاں نہیں د ہرائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس جی کے کھیل کی حکمت عملی شاندار ہے ۔ ان کے نوجوان کھلاڑیوں کے پاس مہارت بھی ہے اور تیزرفتار بھی، وہ بارسلونا کے خلاف واقعی بہت اچھا کھیلے تھے ۔ ہینسی فلک نے کہا کہ جب بارسلونا کی ٹیم اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ کھیلتی ہے تو وہ بھی لوئس اینریکے کی ٹیم کے معیار کو چھو جاتی ہے ۔ہینسی فلک نے اپنی ٹیم کو خبر دارکرتے ہوئے کہا کہ بارسلونا کی دفاعی خامیاں چھپ نہیں سکتی ہیں اور اگر وہ یورپ کے بڑے کلبوں کا سامنا کرنا چاہتی ہے تو انہیں ہر شعبے میں بہتری لانا ہوگی۔