سرینگر// نیم فوجی دستے عنقریب ہی وادی میں بلٹ پروف گاڑیوں”شرپا“ کا استعمال عمل میں لائے گی،جو کہ بارودی سرنگ دھماکوں کا بھی مقابلہ کرنے کی سقت رکھتی ہیں۔ کشمیر میں سی آر پی ایف تجرباتی بنیادوں پر” رینالٹ شیرپا“ گاڑیوں کو استعمال میں لائے گی،جو کہ فرانسیسی کمپنی رینالٹ ٹرکس ڈیفنس کی طرف سے تیار کردہ6اقسام کی گاڑیوں میں شامل ہے۔ سی آر پی ایف کے ترجمان راجیش یادو نے کہا ہے کہ شیر پا کو وادی لایا گیا ہے اور سی آر پی ایف اس کو تجرباتی بنیادوں پر کام میں لائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس گاڑی کو مختلف رہ گزروں پر استعمال میں لایا جائے گا اور اگر فنی ضروریات پوری ہوئیں تو ان گاڑیوں کو سی آر پی ایف کی گاڑیوں کے کارواں میں شامل کیا جائے گا۔ اس گاڑی کو شہر کے کرن نگر میں13 فروری کو جنگجوﺅں اور فورسز کے درمیان جھڑپ کے دوران سیکورٹی فورسز کے زیر استعمال دیکھا گیا،جبکہ بتایا جاتا ہے کہ اس سے قبل اس گاڑی کو جنوبی کشمیر میں بھی استعمال میں لایا گیا تھا۔بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ گاڑی10کلو وزنی تک بارودی سرنگ سے بھی محفوظ رہ سکتی ہے۔