سرینگر//باراں پتھر بٹہ مالو میں آگ کی واردات میں 3رہایشی مکانات خاکستر ہوئے اور لاکھوں روپے مالیت کا ساز و سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہواجبکہ 8کنبے کھلے آسمان کے نیچے آگئے۔باراں پتھر بٹہ مالو میں24اور 25جنوری کی درمیانی شب ساڑھے11بجے ایک مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جو تیزی کے ساتھ پھیل گئی ۔عینی شاہدین کے مطابق آگ اس قدر بھیانک تھی کہ کچھ ہی منٹوں میں آگ لگنے کی وجہ سے 3 مکانات شعلوں کی نذر ہوئے اور راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو ئے۔ آگ کی اس بھیانک واردات میں لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہوگیا ہے جبکہ 8کنبے کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہو گئے۔آگ کی اس واردات میں فیاض احمد خان ،محمد یونس خان ،شاہین احمد خان پسران محمد یوسف ،غلام قادر نجار ،غلام نبی نجار ،سجاد احمد نجار پسران غلام رسول اور توحید احمد خان، بنیامین خان پسران محمد اسلم خان کے 3مکانات جل گئے۔آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر سروس محکمہ نے کارروائی کی اور آگ کو آس پاس کی عمارتوںتک پھیلنے سے روک دیا۔محکمہ کے ایک ترجمان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایک گنجان آبادی والے علاقے میں آگ پر قابو پانے کیلئے محکمہ کے اہلکاروں نے انتھک کوشش کی اور15دیگر مکانوں کو بچا لیا۔ انہوں نے کہا کہ آگ پر قابو پانے کیلئے فائر سروس ہیڈ کوارٹر کے علاوہ شہر کے7دیگر اسٹیشنوں سے فائر ٹینڈر اور عملہ بلایا گیا۔پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے تحقیقات شروع کردی ہے۔
آتشزدگان کے ساتھ نیشنل کانفرنس کا اظہارِ یکجہتی
سرینگر//نیشنل کانفرنس نے باران پتھر بٹہ مالو میں آگ کی ہولناک واردات میں دو رہائشی مکانوں کے خاکستر ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل اے بٹہ مالو عرفان احمد شاہ نے حکومت اور انتظامیہ سے اپیل کی کہ آتشزدگان کی بازآبادری کیلئے فوری طور اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو متاثرین کی بازآبادکاری کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے حکومت خصوصاً ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر سے اپیل کی کہ وہ متاثرین کے عارضی قیام و طعام کا بندوبست کریں نیز آتشزدگان کے حق میں مفت راشن کیساتھ مفت عمارتی لکڑی اور ٹین کی چادریں فراہم کریں۔ انہوں نے ریڈ کراس سوسائٹی کے حکام سے بھی اپیل کی کہ متاثرین کی امداد کیلئے اقدامات کئے جائیں۔