اسلام آباد // پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کی حالیہ دھمکی آمیز بیان پر ایوان بالا میں حکومت کا موقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن کے ساتھ کھڑا ہے لیکن بھارت کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازع کشمیر کا ہے اور کشمیر کے بغیر کوئی بات نہیں ہوگی۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایک طریقہ ہے کہ پاکستان اور بھارت کھلی جنگ لڑ لیں، دوسرا طریقہ یہ ہے کہ ایک دوسرے کے ملک میں گھس کر کمزور کریں اور تیسرا طریقہ یہ ہے کہ ہم بیٹھ کر ایک دوسرے کو آمادہ کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم دونوں ممالک 70 سال سے لڑ رہے ہیں، ہم مزید بھی لڑ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عسکریت پسندوں کو ہم 'فریڈم فائیٹر یا حریت پسند' سمجھتے ہیں اور برہان وانی ایک حریت پسند تھا۔