سرینگر//شہر خاص میں بربرشاہ سے بابہ ڈیمب جانے والی سڑک کا ایک حصہ پچھلے کئی برسوں سے تجدید و مرمت کا انتظار کررہا ہے تاہم حکام کی نظروں سے اوجھل یہ سڑک نہ صرف پیدل چلنے والوں بلکہ نجی گاڑیوں میں سفر کرنے والے لوگوں کیلئے بھی پریشانی کا سبب بن گئی ہے۔بابہ ڈیمب میںفائر اسٹیشن کے متصل سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہے ۔ بربر شاہ سے بابہ ڈیمب سڑک کا ایک حصہ ڈرینج کی تعمیر کے سلسلے میں پچھلے کئی برسوں سے خستہ پڑا ہے اوراس سڑک پر ٹریفک زیادہ ہونے کی صورت میں یہ سڑک کبھی بھی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ گاندھی میموریل کالج میں زیر تعلیم میر ندیم نے بتایا کہ بربر شاہ سے گاندھی کالج جانے کا یہ سب سے آسان اور چھوٹا راستہ ہے مگر بابہ ڈیمب کے اس راستے کا ایک حصہ کافی وقت تک ڈرنیج کی تعمیر میں بند رہا اور پچھلے ایک سال سے ڈرینج کی تعمیر مکمل ہونے کے بائوجود بھی اس راستے کو کھولنے کا کوئی بھی انتظام نہیں کیا جارہا ہے۔ بابہ ڈیمب کے رہنے والے اشفاق احمد بٹ نے بتایا کہ علاقے کے لوگوں نے کئی بار متعلقہ محکمے سے سڑک پر مکیڈیم بچھانے کی درخواست کی تھی تاہم کافی عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ اشفاق نے بتایا کہ بارش کے دنوںمیں یہ سڑک مقامی لوگوں کیلئے کافی پریشانی کا سبب بنتی ہے کیونکہ سڑک پر پانی جمع ہونے کی صورت میں بدبو پورے علاقے میں پھیل جاتی ہے۔ مقامی شہری سجاد احمد کے مطابق ایک جانب سڑک مکمل طور پر ناقابل آمدورفت ہوچکی ہے جبکہ اسی سڑک پر فائر اسٹیشن موجود ہے اور خدانخواستہ اگر کہیں آگ لگی ہوتی ہے تو آگ بجھانے کی گاڑی کو بڑی مشکل درپیش آتی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس اہم سڑک کی تجدید و مرمت نہیں کی جارہی ہے اور نہ ہی گرمی کے موسم کے آخری دنوں میکڈیم بچھانے کے عمل میں کوئی پیش رفت کی جارہی ہے۔مقامی لوگوں نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک پر جلد کام شروع کیا جائے۔