عظمیٰ نیوز سروس
جموں// این آئی اے عدالت نے ہفتہ کو جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سرینگر ونگ کے سابق صدر میاں عبدالقیوم کو 2020 میں ایک ساتھی وکیل کے قتل کی سازش میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا۔ ایڈوکیٹ بابر قادری کو ستمبر 2020 میں سرینگر کے حول علاقے میں ان کی رہائش گاہ پرملی ٹینٹوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ وہ 2018 میں ایک قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے تھے۔ریاستی تحقیقاتی ایجنسی(ایس آئی اے) کے ذریعہ 25 جون کو سرینگر میں گرفتار قیوم کو اس کے دوسرے ریمانڈ کی میعاد ختم ہونے پر خصوصی جج جتندر سنگھ جموال کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ عدالت نے اسے 20 جولائی تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا ۔
انسداد دہشت گردی ایجنسی این آئی اے کے مقدمات کی سماعت کے لیے نامزد عدالتیں جموں اور کشمیر پولیس کی ایک شاخ SIA کے مقدمات بھی سنتی ہیں جو مرکز کے زیر انتظام علاقے میں انسداد دہشت گردی کے قوانین کو نافذ کرتی ہے۔پولیس نے دعوی کیا تھا کہ قادری کے قتل میں لشکر طیبہ کا کمانڈر ثاقب منظور ملوث تھا۔ منظور اور ایک اور ملی ٹینٹ کمانڈر 2022 میں سری نگر میں پولیس کے ساتھ ایک گولی باری میں مارے گئے تھے۔کشمیر کی سرکردہ شخصیت 76 سالہ میاں قیوم کو ایس آئی اے نے گزشتہ سال جولائی میں کیس سنبھالنے کے بعد گرفتار کیا ہے۔انہیں 25 جون کو گرفتاری کے فورا بعد SIA نے جموں لایا اور اگلے دن فاسٹ ٹریک کورٹ کے پریذائیڈنگ آفیسر کے سامنے پیش کیا گیا۔ اس نے اسے پانچ روزہ پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا جس کے بعد خصوصی عدالت نے چھ دن کی توسیع کر دی۔جنوری میں، جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے کیس کو سرینگر سے جموں کی ایک عدالت میں منتقل کرتے ہوئے کہا، “کسی فوجداری مقدمے کی منصفانہ اور غیر جانبدارانہ سماعت کے لیے، یہ ضروری ہے کہ گواہ آزاد ماحول میں بیان دینے کی پوزیشن میں ہوں۔ ہائی کورٹ کا یہ حکم ایس آئی اے کی طرف سے دائر کی گئی ایک درخواست پر آیا، جس میں کہا گیا کہ شہر میں مقیم کچھ “بااثر” وکلا کی شمولیت کی وجہ سے سری نگر کا کوئی بھی وکیل قانونی مدد کرنے کو تیار نہیں ہے۔سری نگر پولیس نے پہلی بار 2021 میں سری نگر کی خصوصی یو اے پی اے عدالت میں چھ ملزمان کے خلاف کیس میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔اگست 2022 میں، پولیس نے اپنی تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر، قیوم کی رہائش گاہوں اور سری نگر میں دو دیگر وکلا کی تلاشی لی، ڈیجیٹل آلات، بینک اسٹیٹمنٹس اور دستاویزات کو ضبط کیا۔گزشتہ ستمبر میں، SIA نے قادری کے قتل کو حل کرنے والی کسی بھی معلومات کے لیے 10 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔