لندن/پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم انگلش ویٹالٹی بلاسٹ میں کاؤنٹی گلیمورگن کے خلاف شاندار سنچری کے ساتھ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 5000 رنز مکمل کرنے والے ایشیاء کے پہلے اور دنیا کے تیسرے بلے باز بن گئے ۔ کارڈف کے میدان میں کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی میچ میں سمرسیٹ کاونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے بابر آعظم نے 62 گیندوں پر 9 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 114 رنز کی اننگز کھیلی ۔بابر اعظم نے 145 اننگز کھیل کر یہ کارنامہ سرانجام دیا، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے 132 اننگز کھیل کریہ اعزاز حاصل کیا تھا جب کہ آسٹریلوی بلے باز شان مارش نے 144 اننگز کھیل کر یہ کارنامہ سرانجام دیا۔آسٹریلیا کے ایرون فنچ نے 159 اننگزکھیل کر 5000 ٹوئنٹی ٹوئنٹی رنز مکمل کیے جب کہ نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل نے 163 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا۔سابق آسٹریلوی بلے باز بریڈہوج نے 166 اننگز کھیل کر 5000 رنز مکمل کیے ، ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی کو 5000 ٹوئنٹی ٹوئنٹی رنز مکمل کرنے کے لیے 167 اننگز کھیلنی پڑیں۔ بابراعظم اب تک 150 ٹونٹی ٹونٹی میچز کی 145 اننگز میں 42.94 کی اوسط سے 5110 رنز اسکور کرچکے ہیں جن میں 4 سنچریاں اور 39 نصف سنچریاں شامل ہیں، انہوں نے یہ رنز 125.89 کے اسٹرائیک ریٹ سے اسکور کیے ہیں۔یو این آئی