سرینگر//بابا پورہ حبہ کدل میں تارک وطن پنڈتوں کے بوسیدہ مکانات گر نے کااحتمال ہے اور یہ کسی بڑے حادثے کا موجب بن سکتا ہے ۔مقامی آبادی نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ان بوسیدہ مکانوں کوہٹایا جائے۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں موجود مہاجر پنڈتوں کے مکان انتہائی بوسیدہ ہوچکے ہیں اور گذشتہ کئی برسوں کے دوران درجنوں مکانات گر آئے ۔انہوں نے بتایا کہ بابا پورہ میں آغا حمام سے بربرشاہ تک جانے والے لنک روڈ پر ایک بوسیدہ مکان کبھی بھی گر سکتا ہے اور کسی حادثے کا موجب بن سکتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس لنک روڈ پر چھوٹے سکولی بچوں کوچلنے پھرنے میں احتیاط برتنا پڑرہا ہے۔تجلی عالم نامی شہری نے بتایا کہ بارشوں کی وجہ سے لنک روڈ پر موجود مکان کا ایک حصہ پہلے ہی گر آیا ہے اور اب یہ مکان بجلی کے ایک کھمبے کے سہارے کھڑا ہے ۔مقامی لوگوں نے کہا کہ ان بوسیدہ مکانوں کے گرنے آنے کے خطرات کے حوالے سے انہوں نے کئی بار میونسپل کارپوریشن اور انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران کے علاوہ سیاسی لیڈروں کی توجہ مبذول کرائی مگر آج تک کوئی غور نہیں کیاگیا۔انہوںنے مزید بتایاکہ جو مکانات پہلے ہی گر چکے ہیں ،ان کے ملبے کے ڈھیر جمع ہونے کی وجہ سے یہ علاقہ کتوں کی آماجگاہ بن چکا ہے اور لو گوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔