بابا نگری وانگت//بابا نگری وانگت میں میاں نظام الدین کیانوی ؒکا 122 واں عرس کی اختتامی تقریب خصوصی دعا ئیہ مجلس کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔سجادہ نشین میاں بشیر احمد لاروی نے خطبہ دیتے ہوئے جموں و کشمیر کے لئے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر میاں الطاف احمد کو دربار بابا جی صاحبؒ کا سجادہ نشین مقرر کیا گیا جس کی ہزاروں عقیدت مندوں نے والہانہ انداز میں تائید کرتے ہوئے مسرت کا اظہارکیا۔ اس موقع پر زائرین جذباتی ہوگئے ۔مجلس میںہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کا شرف حاصل کیا۔عرس کی اختتامی مجالس میں علمائے دین نے پر اثر خطاب سے زائرین کو روشناس کرایا ۔مولانا غلام محی الدین، پیر نثار احمد شاہ،مرزا عبدالرشید اورسید سلیم گیلانی نے میاں الطاف احمد کو سجادہ نشین بننے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔حسب معمول میاں بشیر احمد نے رقعت آمیز لہجے میں دعا فرمائی اور زائرین کو دین اسلام پر چلنے اور قائم رہنے کی تلقین کی ۔عرس میں عقیدت منداور زائرین راجوری، پونچھ، سرنکوٹ، درہال، مینڈھر،کشمیر کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ بیرون ریاست سے آئے ہزاروں کی تعداد میں آئے تھے جن کے لئے کھانے پینے اور آرام کرنے کے لئے معقول انتظامات کئے گئے تھے ۔اس سے قبل آستان عالیہ میں 7جون کو عظیم الشان سیرت النبی ؐکانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں وادی کے مقتدر علماء کرام نے شرکت کرتے ہوئے اسلام پر مفصل روشنی ڈالی ۔واضح رہے کہ بابا نگری وانگت کنگن میں ہر سال 7جون سے 8جون تک عرس منایا جاتا ہے۔ اختتامی تقریب کے بعد زائرین نے ایم ایل اے کنگن میاں الطاف احمد کو عزت افزائی کے لئے آستان عالیہ پر ان کی دستار بندی کی ۔