عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی (بی جی ایس بی یو) میں عالمی یومِ خواتین کے موقع پر ایک خصوصی نشست منعقد کی گئی، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر جاوید اقبال نے کی۔ اس نشست میں جنرل ڈیوٹی ہیلپر اور صفائی کرمچاری کیڈر سے تعلق رکھنے والی خواتین ملازمین سے تبادلہ خیال کیا گیا۔پروفیسر جاوید اقبال نے خواتین ملازمین کی انتھک محنت اور گرانقدر خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ’ناری شکتی‘ یعنی طاقت اور حوصلے کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین یونیورسٹی کے انتظامی اور تعلیمی امور میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اور ان کی کوششوں کے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے۔وائس چانسلر نے خواتین کی تمام شعبوں میں بھرپور شمولیت پر زور دیتے ہوئے بی جی ایس بی یو میں مساوی، محفوظ اور حوصلہ افزا ماحول کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ہر سطح پر خواتین کو مزید مواقع فراہم کرنے کے لئے پْرعزم ہے تاکہ وہ تعلیمی، انتظامی اور معاون شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھا سکیں۔پروفیسر جاوید اقبال نے خواتین ملازمین کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے یونیورسٹی کی پالیسیوں پر روشنی ڈالی اور یقین دلایا کہ ادارہ ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔خواتین ملازمین نے وائس چانسلر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزت افزائی پر مسرت کا اظہار کیا اور یونیورسٹی میں مساوات اور احترام پر مبنی ماحول کی تعریف کی۔