عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی (بی جی ایس بی یو) نے ماحولیاتی شعور اور جسمانی صحت کے فروغ کیلئے ایک علامتی سبز واک ’گریناتھون‘ کا کامیاب انعقاد کیا۔ یہ پروگرام یونیورسٹی کے یوگا اور میڈیٹیشن سیل کے زیرِ اہتمام ہوا اور اس کا آغاز خوبصورت پیر پنجال بایو ڈائیورسٹی پارک سے کیا گیا۔اس منفرد واک میں یونیورسٹی کے طلباء ، اساتذہ، محققین اور انتظامی عملے سمیت تقریباً 200 افراد نے پْرجوش شرکت کی۔ اس سرگرمی کا مقصد صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا اور ماحول کے تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اقبال نے یوگا اور میڈیٹیشن سیل کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بی جی ایس بی یو کی ماحولیاتی بیداری قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’ایسے اقدامات نہ صرف صحت مند زندگی کی طرف لے جاتے ہیں بلکہ ہمیں اپنی قدرتی دولت کے تحفظ کا درس بھی دیتے ہیں۔ ماحول دوست سرگرمیوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے‘‘۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز ڈین اکیڈمک افیئرز پروفیسر ایم جے وارثی نے کیا۔ انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’گریناتھون بی جی ایس بی یو کے صحت مند طرزِ زندگی اور ماحولیاتی پائیداری کے عزم کا عملی مظہر ہے۔ ہمیں اجتماعی طور پر ماحول کے تحفظ کی ذمہ داری اٹھانی ہوگی‘۔اس موقع پر ڈاکٹر اے اے شاہ، ایسوسی ایٹ ڈین، اسکول آف بایو سائنسز اینڈ بایو ٹیکنالوجی نے یونیورسٹی کی “انٹیگریٹڈ سسٹین ایبلیٹی” کی پالیسی پر روشنی ڈالی، جو سماجی ذمہ داری اور ماحولیاتی حفاظت کو یکجا کرتی ہے۔یوگا اور میڈیٹیشن سیل کے کنوینر ڈاکٹر شریکر پانٹ نے گرین سرگرمیوں کے طبی فوائد بیان کرتے ہوئے کہا کہ’’قدرتی ماحول میں چلنے جیسی مشقیں دل کی صحت کو بہتر بناتی ہیں، بلڈ پریشر کو قابو میں رکھتی ہیں اور ذہنی دباؤ و افسردگی کو کم کرتی ہیں‘‘۔