عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں مختلف شعبہ جات میں داخلہ لینے والے نئے طلبہ کے لئے پانچ روزہ تعارفی پروگرام کا آغاز کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد طلباء کو جامعہ کے تعلیمی ماحول، اقدار اور مواقع سے روشناس کرانا ہے۔ یہ پروگرام بیک وقت تین مقامات، یونیورسٹی آڈیٹوریم، آئی ٹی ہال اور بایو سائنس ہال میں منعقد ہو رہا ہے۔وائس چانسلر پروفیسر جاوید اقبال نے اپنے پیغام میں نئے طلبہ کو بی جی ایس بی یو خاندان کا حصہ بننے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ تعلیمی معیار، اختراع اور شمولیت کے اصولوں کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے اور طلباء کے لئے ایک ایسا ماحول فراہم کیا جا رہا ہے جس سے وہ زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھ سکیں۔افتتاحی اجلاس کے مہمانِ خصوصی یونیورسٹی کے رجسٹرار ابھشیک شرما (آئی اے ایس) تھے۔ انہوں نے طلبا ء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بی جی ایس بی یو ایک ایسا ادارہ ہے جو معیاری تعلیم اور ہمہ جہتی ترقی کے عزم کے لئے جانا جاتا ہے۔اپنی تقریر میں انہوں نے کہاکہ ’یونیورسٹی کی زندگی صرف ڈگریاں حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ شخصیت سازی، تنقیدی سوچ کو فروغ دینے اور مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تیاری کرنے کا موقع ہے‘‘۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ محنت، نظم و ضبط اور جستجو کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ابھشیک شرما نے جامعہ میں موجود مواقع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’یہ ادارہ تعلیمی، تحقیقی، اختراعی، ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں صلاحیت کو نکھارنے کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ طلباء کو چاہیے کہ ہر سہولت اور تعاون سے بھرپور استفادہ کریں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ تعارفی پروگرام کے تمام سیشنز میں سرگرمی کے ساتھ شریک ہوں تاکہ انہیں تعلیمی قواعد، کیریئر کے مواقع، ٹیم ورک اور قیادت کی قدروں کے بارے میں بہتر آگاہی حاصل ہو۔اس موقع پر پروگرام کی نگرانی ایسوسی ایٹ ڈینز ڈاکٹر اے اے شاہ، ڈاکٹر شمس کمال انجم اور ڈاکٹر ٹی ٹی زیویر نے کی جبکہ ڈاکٹر وِشال پوری، پرنسپل سی او ای ٹی، ڈاکٹر سنجے جموال اور ڈاکٹر شریکر پانٹ نے بطور نوڈل افسر پروگرام کی کامیاب تکمیل کو یقینی بنایا۔اس موقع پر محمد اسحاق، کنٹرولر امتحانات، جوائنٹ رجسٹرار، ڈپٹی رجسٹرارز، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور اساتذہ بھی موجود تھے۔