ڈی سی نے طلباء و اساتذہ پر ذہنی سکون اور باہمی اعتماد کی اہمیت پر زور دیا
عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری میں عالمی یومِ ذہنی صحت کے موقع پر ’’ذہنی صحت ،مزاحمت اور فلاح‘‘ کے عنوان سے ایک کھلا لیکچر منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد ذہنی صحت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا، مثبت گفتگو کو فروغ دینا اور طلباء و اساتذہ کے درمیان ایک خوشگوار اور معاون ماحول قائم کرنا تھا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجوری اور یونیورسٹی کے قائم مقام رجسٹرار ابھیشیک شرما نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ ذہنی صحت کی اہمیت جسمانی صحت سے کسی طور کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ طویل ذہنی دباؤ، بے چینی، اداسی، اور معاشرتی تنہائی جیسی علامات کو سنجیدگی سے لینا چاہیے تاکہ بروقت علاج اور بہتری ممکن ہو سکے۔انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ اپنی زندگی میں مثبت سوچ کو اپنائیں، دوسروں کے مشورے کو خلوصِ نیت سے سنیں اور اپنے احساسات کا کھل کر اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ اعتماد، باہمی احترام اور دوسروں کے جذبات کا خیال رکھنا ذہنی سکون اور خوشحالی کیلئے نہایت ضروری ہے۔ابھیشیک شرما نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنے تدریسی ماحول کو ہمدردی، برداشت اور شمولیت پر مبنی بنائیں تاکہ طلباء کو ایک ایسا تعلیمی نظام فراہم کیا جا سکے جہاں ذہنی سکون اور مثبت رویے پروان چڑھیں۔پروگرام میں مختلف شعبوں کے طلباء ، اساتذہ اور سربراہانِ شعبہ نے شرکت کی۔