سمت بھارگَو
راجوری//جموں و کشمیر حکومت کے کابینہ وزیر جاوید احمد رانا نے پیر کو راجوری کے دورے کے دوران اعلان کیا کہ حکومت بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی (بی جی ایس بی یو) راجوری کو ’ٹریبل یونیورسٹی‘ کا درجہ دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔وزیر جاوید احمد رانا نے کہا کہ بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی پیر پنجال خطے کا واحد اعلیٰ تعلیمی ادارہ ہے جس نے گزشتہ برسوں میں تعلیمی میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی کی بہتر کارکردگی پورے خطے کی ترقی کے لئے نہایت اہم ہے۔رانا نے تسلیم کیا کہ اس وقت یونیورسٹی کو کچھ انتظامی اور ڈھانچہ جاتی مسائل کا سامنا ہے، تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت یونیورسٹی کی بہتری اور مجموعی ترقی کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر حکومت کا مقصد بی جی ایس بی یو کو ہر پہلو سے ترقی دینا ہے۔ اس حوالے سے ایک جامع ماڈل زیرِ غور ہے، اور حکومت اس یونیورسٹی کو ’ٹریبل یونیورسٹی‘ کا درجہ دینے کا منصوبہ بنا رہی ہے، تاکہ خطے کے قبائلی طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی جاسکیں‘۔وزیر نے مزید بتایا کہ ایم ایل اے راجوری افتخار احمد نے پہلے ہی ایک تجویز پیش کی ہے جس میں بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کو ٹریبل یونیورسٹی قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے، اور امکان ہے کہ یہ تجویز آئندہ اسمبلی اجلاس میں زیرِ بحث آئے گی۔رانا نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ قبائلی علاقوں کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تعلیمی ترقی کے اس سفر میں حکومت کا ساتھ دیں تاکہ پیر پنجال خطے کو ایک مضبوط تعلیمی مرکز کے طور پر ابھارا جا سکے۔