سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ ،کارگذار صدر عمر عبداللہ اور جمعیت ہمدانیہ سربراہ میر واعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے ریاست کے معروف، کہنہ مشق اور بزرگ صحافی مرحوم خواجہ ثنا اللہ بٹ (خواجہ صاحب ) کی ساتویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ موصوف ایک قابل قدر صحافی تھے اور صحافتی میدان میں خداداد صلاحیتوں سے مالا مال تھے۔ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ موصوف نے روزنامہ آفتاب کے ذریعے کشمیری عوام کے مشکلات اور مسائل اُجاگر کرنے میں جو رول ادا کیا وہ ناقابل فراموش ہے۔پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر (ایڈوکیٹ )اور معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے اپنے خراج عقیدت کے پیغام میں کہا ،کہ خواجہ صاحب نے ہندوستان اور پاکستان کی دوستی کو مضبوط بنانے اور کشمیری عوام خاصکر سرحدی علاقوں کے مسلمانوں کے مسائل کو اُجاگر کرنے میں سبقت لی اور احساس محرومی کے شکار غریب لوگوں کے حالات کو اپنے روزنامہ میں اشاعت کرکے اُن کا ازالہ کرانے میں بھی کلیدی رول ادا کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ خواجہ صاحب نے انجمن تحفظ جمہوریت رائے شماری تحریک کے دوران بھی کافی اہم اور مثبت رول ادا کیا۔ درایں اثنا پارٹی کے سینئر لیڈران محمد شفیع اوڑی، عبدالرحیم راتھر، میاں الطاف احمد، ناصر اسلم وانی، شریف الدین شارق ،مبارک گل، تنویر صادق ، ترجمان اعلیٰ آغا سید روح اللہ مہدی اور ترجمان جنید عظیم متو نے بھی مرحوم خواجہ صاحب کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ مرحوم کی کاوشوں کے نتیجے میں ہی اردو صحافت کو کشمیر میں مضبوطی سے جڑیں پکڑنے کا موقعہ فراہم ہوا۔ مرحوم نے پہلی بار ہاکر سسٹم رائج کرکے اخبارات کو گھر گھر تک پہنچانے کا تاریخی کارنامہ انجام دیا۔ ادھر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے کہا کہ خواجہ ثناء اللہ بٹ نے صحافت کے میدان میں جو کارنامے انجام دیئے اُن کو فراموش کرنا ناممکن ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ موصوف نے پُر آشوب اور ناگفتہ دور میں بھی اپنے صحافت کو نہایت جرایت مندانہ اور بے خوف اور بے باق طریقے سے جاری رکھا۔ جمعیت کے صدر حاجی عبدالرشید گانی، جنرل سکریٹری پیرزادہ حاجی محمد اشرف عنایتی ہمدانی، صوبائی صدر پیرزادہ محمد یاسین زہرہ، حاجی فاروق احمد گانی، الحاج سید منظور الحسین قریشی، پیر حاجی غلام نبی فاروقی(نوشہرہ) اورسکریٹری نشر و اشاعت میر غلام محمد ساقی نے بھی بابائے صحافت کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا۔