نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے تریپورا میں بائیں بازو کے قلعہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جیت کو 'نظریات کی فتح' قرار دیتے ہوئے بی جے پی کے کارکنوں سے کرناٹک میں بھی اقتدار پر قبضہ کے لئے پوری طاقت جھونک دینے کی اپیل کی ہے ۔ بی جے پی کے ایک رہنما نے پارٹی کی پارلیمانی میٹنگ میں مسٹر مودی کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ''تریپورا کو گذشتہ پچیس برسوں سے مارکسیوں کا گڑھ سمجھا جاتا تھا۔ یہ ہماری نظریاتی فتح ہے ۔'' انہوں نے بتایا کہ جب مسٹر مودی پارلیمانی میٹنگ میں پہونچے تو ان کا خیر مقدم'' جیت ہماری جاری ہے ، اب کرناٹک کی باری ہے '' کے نعرے سے کیا گیا۔ خیال رہے کہ اس سال مئی میں کرناٹک میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔