سری نگر//حکومت نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں بائیو میٹرک حاضری نظام کی عمل آوری کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور ملازمین کی حاضری کے علاوہ لوگوں کو فراہم کی جانے والی خدمات میں بھی بہتری درج کی گئی ہے۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے’’ سول سیکرٹریٹ اور دیگر سرکاری دفاتر میں بائیو میٹرک حاضری نظام متعارف کرنے کے بعد ملازمین کی حاضری 45فیصد سے بڑھ کر 80فیصد ہوگئی ہے۔‘‘ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بائیومیٹرک حاضری نظام کو متعارف کرنے سے دفتروں کے ورک کلچر میں واضع بہتری آئی ہے۔بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بائیو میٹرک حاضر ی کی رپورٹ روزانہ بنیادوں پر تیار کر کے جی اے ڈی کی طرف سے گورنر سیکرٹریٹ کو پیش کی جاتی ہے۔ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے اسی طرح کی رپورٹ جموں اور کشمیر صوبوں کے صوبائی کی جانب سے بھی پیش کی جاتی ہے۔