عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں کی ایک عدالت نے پیر کو نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے)کی طرف سے پہلگام حملے میں ملوث ملی ٹینٹوں کو پناہ دینے کے الزام میں گرفتار دو افراد کے لیے پانچ دن کا ریمانڈ منظور کیا۔این آئی اے نے بتایا کہ ایک مقامی عدالت نے پیر کو این آئی اے کو دو ملزمین کا پانچ دن کا ریمانڈ منظور کیا جنہیں 22 اپریل کو پہلگام دہشت گردانہ حملے کے پیچھے پاکستانی ملی ٹینٹوں کو پناہ دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیاہے۔بٹہ کوٹ، پہلگام کے رہنے والے پرویز احمد جوٹھر اور پہلگام کے ہل پارک کے بشیر احمد جوٹھر کو این آئی اے نے اتوار کو اس حملے کی تحقیقات میں پہلی بڑی پیش رفت میں گرفتار کیا تھا جس میں 22اپریل کو 25 سیاحوں اور ایک مقامی ٹٹو مالک سمیت 26 افراد ہلاک اور 16زخمی ہوئے تھے۔این آئی اے کے مطابق، گرفتار ملزمان نے حملے میں ملوث تین مسلح ملی ٹینٹوں کی شناخت ظاہر کی ہے اور اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ وہ ممنوعہ دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ (ایل ای ٹی)سے وابستہ پاکستانی شہری تھے۔دونوں ملزمان کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جموں رتیش کمار دوبے کی عدالت میں پیش کیا گیا اور انہیں 27جون تک پانچ دن کے لیے این آئی اے کی حراست میں بھیج دیا گیا۔این آئی اے کی تحقیقات کے مطابق، پرویز اور بشیر نے جان بوجھ کر تین مسلح ملی ٹینٹوں کو ہل پارک، پہلگام میں ایک موسمی ڈھوک میں پناہ دی تھی۔ایجنسی نے کہا کہ ان دونوں افراد نے ملی ٹینٹوں کو خوراک، پناہ گاہ اور لاجسٹک مدد فراہم کی تھی۔