ظفر اقبال
اوڑی//آزادی کا امرت مہوتسوف کے بینر تلے پیرکو گورنمنٹ بائز ہائر سکنڈری سکول اوڑی میں قومی کھیلوں کا دن بھی منایا۔ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مختلف کھیل پروگرام منعقد کیے گئے جس میں طلبا نے اپنی دلچسپی کے مطابق حصہ لیا۔ پروگرام کا افتتاح ایس ایچ او اوڑی امتیاز احمد لون نے کیا جنہوں نے اس موقع پر طلبا سے خطاب بھی کیا اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لینے پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔ ادارے نے ریس، جیولین تھرو، کبڈی، ٹیبل ٹینس، ڈسک تھرو، کیرم، شطرنج، کھو کھو اور والی بال جیسے کئی مقابلوں کا انعقاد کیا۔ پرنسپل بائز ہائر سکنڈری سکول اوڑی مشتاق سوپوری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور طلبا اور دیگر شرکا پر زور دیا کہ وہ مختلف سرگرمیوں میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں اور مہارت کا مظاہرہ کریں۔ بعد ازں ایس ڈی ایم اوڑی ہرویندر سنگھ بھی تقریب میں شامل ہوئے اور تقریب میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا میں انعامات تقسیم کیے۔
انہوں نے اس موقع پر اجتماع سے خطاب بھی کیا اور تقریب میں کارکردگی کو مبارکباد پیش کی اور اس تقریب کو اتنے شاندار انداز میں منعقد کرنے کے لیے پرنسپل بائز ہائر سکنڈری سکول اوڑی کی کوششوں کو سراہا۔