عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//ریاسی ضلع انتظامیہ کی جانب سے ڈاکٹر راج کمار تھاپا (ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر، راجوری) اور دیگر افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جو حالیہ سرحد پار گولہ باری میں جاں بحق ہو گئے۔یہ باوقار تقریب ڈپٹی کمشنر ندھی ملک کی قیادت میں ڈی سی آفس کمپلیکس ریاسی میں منعقد ہوئی، جہاں ضلع کے افسران اور ملازمین نے شرکت کی اور مرحوم افسر کے جذبہ خدمت اور قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ندھی ملک نے ڈاکٹر تھاپا کی انتھک محنت، دیانتداری، اور عوامی فلاح کے لیے ان کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ’’ڈاکٹر راج کمار تھاپا ایک فرض شناس اور خدمت گزار افسر تھے، ان کی ناگہانی موت نہ صرف انتظامیہ بلکہ عوام کے لیے بھی ایک بڑا نقصان ہے۔ ہم ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں‘‘۔ندھی ملک نے مزید کہا کہ ضلع ریاسی کی پوری انتظامیہ متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور اس سانحہ سے جْڑے تمام افراد کے لئے دعا گو ہے۔انتظامیہ کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وہ شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی اور ان کے مشن کو خلوص سے جاری رکھا جائے گا۔یاد رہے کہ ڈاکٹر راج کمار تھاپا گزشتہ دنوں راجوری و پونچھ علاقوں میں سرحد پار گولہ باری کے دوران جاں بحق ہوئے تھے، جس پر ریاست بھر میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔