عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر کے انسداد بدعنوانی بیورو نے محکمہ دہی ترقی کے جونیئر انجینئر کو رشت ستانی کے ایک کیس میں رنگے ہاتھوںپکڑ کر گرفتار کیا۔بیوروکو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ شکایت کنندہ کے ذریعہ کئے گئے کاموں سے متعلق 7.5 لاکھ روپے کی ادائیگی محکمہ دیہی ترقیات شوپیان کے پاس زیر التوا ہے۔ ملزم جے ای نے مذکورہ ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مبینہ طور پر 20,000 روپے کا مطالبہ کیا۔شکایت کنندہ، رشوت دینے کے لیے تیار نہیں تھا لہٰذا اس نے، قانونی کارروائی کے لیے اے سی بی سے رجوع کیا۔ محتاط تصدیق کے بعد، انسداد بدعنوانی ایکٹ، 1988 کی دفعہ 7 کے تحت ایف آئی آر نمبر 04/2025، پولیس سٹیشن اے سی بی اننت ناگ میں درج کی گئی، اور تحقیقات شروع کی گئی۔تفتیش کو آگے بڑھانے کے لیے آزاد گواہوں کے ساتھ ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی۔ کارروائی کے دوران، ملزم جے ای کو 20,000 روپے رشوت کی رقم کا مطالبہ کرتے اور قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، جو گواہوں کی موجودگی میں اس کے قبضے سے برآمد کیا گیا۔ اسے موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ایف آئی آر کے اندراج کے فورا بعد، کچھڈورہ شوپیان، اور کنی پورہ نوگام، سرینگر میں اس کے رہائشی احاطے کی تلاشی لی گئی۔