اے جی دفتر میں سہولیات : 2.47 کروڑ روپے کا پروجیکٹ منظور

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
 جموں/ قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق نے جموں کشمیر ہائی کورٹ کی جموں شاخ کے ایڈووکیٹ جنرل دفتر  کیلئے اضافی اقامتی سہولیات تعمیر کرانے کیلئے 2.47 کروڑ روپے منظور کئے ۔ وزیر موصوف نے کل کی جائیزہ میٹنگ کے دوران کئی لاء افسروں کی طرف سے ابھارے گئے مسائل کے تناظر میں آج ہائی کورٹ کا دورہ کیا اور وہاں سرکاری وکلاء ، لاء افسروں اور اے جی آفس کے دیگر ملازمین کو دستیاب اقامتی سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ وزیر کے ہمراہ ایڈووکیٹ جنرل جہانگیر اقبال گنائی ، سیکرٹری لاء عبدالمجید بٹ ، ایڈیشنل سیکرٹری لاء اچل سیٹھی ، ڈائریکٹر لیٹی گیشن ، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور محکمے کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی تھے ۔ وزیر نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرلوں ، سرکاری وکلاء اور لاء افسروں کے چیمبروں کے علاوہ لائیبریری اور ریکارڈ روم کا بھی دورہ کیا اور وہاں منسٹریل سٹاف سے مختلف معاملات پر جانکاری حاصل کی ۔ وزیر قانون نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی وہاںاضافی اقامتی سہولیات قایم کرنے کیلئے 2.47 کروڑ روپے کا ایک پروجیکٹ منظور کیا ہے ۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ اس پروجیکٹ پر ایک ہفتے کے اندر اندر کام شروع کیا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے اس مقصد کیلئے فوری طور سے ایک کروڑ روپے واگذار کرنے کی ہدایت دی ۔ وزیر نے بعد میں ایڈووکیٹ جنرل دفتر اور ڈائریکٹوریٹ آف لٹی گیشن کے منسٹریل عملے کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی اور کام کاج کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیشہ ملازمین کی بہبودی کیلئے کام کرے گی ۔ انہوں نے ملازموں پر زور دیا کہ وہ مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے اپنے فرایض بخوبی انجام دیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر ایک ملازم کو جوابدہ بنائے گی اور اُن کی کارکردگی پر کڑی نظر گذر رکھی جائے گی اور غیر اطمینان بخش کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔ بعد میں عبدالحق نے بار ایسوسی ایشن جموں کے صدر بی ایس سلاتھیہ کی قیادت والے ارکان کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقعہ پر ارکان نے عوامی نوعیت کے کئی معاملات اور سہولیات میں بہتری لانے سے جُڑے معاملات اجاگر کئے ۔ وزیر نے بار کو ریاست کی بہبود کو یقینی بنانے کی خاطر حکومت کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ 
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *