جموں//انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے اسلحہ لائسنس ریکیٹ کی جاری تحقیقات کے سلسلے میں جموں شہر کے تریکوٹہ علاقے میں متعدد چھاپے مارے۔
واضح رہے کہ سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے پہلے ہی مرکز کے حکم پر غیر لائسنس یافتہ ہتھیاروںکے مالکان اور ڈیلروں کی جانچ شروع کر دی ہے، اور اب ای ڈی نے اہم تحقیقاتی ایجنسی کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے۔
اعلیٰ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ جموں و کشمیر کے اسلحہ لائسنس کا سودا کرنے والے دو ڈیلروں کو ایجنسی نے پکڑ لیا ہے اور مزید پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ”جموں میں بھی کچھ بیوروکریٹس زیر تفتیش ہیں©“۔
قبل ازیں، سی بی آئی نے جموں و کشمیر میں نا اہل لوگوں کو مبینہ طور پر آتشیں اسلحہ لائسنس دینے کے معاملات کے سلسلے میں بڑے پیمانے پر چھاپے مارے تھے۔
تحقیقاتی ایجنسی نے کہا کہ جموں و کشمیر میں 2012 اور 2016 کے درمیان 'بڑی تعداد میں اسلحہ لائسنس جاری کیے گئے' نے 'غیر حقدار افراد' کو 2.78 لاکھ سے زیادہ اسلحہ لائسنس جاری کیے ہیں۔ کئی سالوں میں کی جانے والی متعدد تحقیقات میں گولہ بارود کے کچھ ڈیلروں کی نشاندہی کی گئی ہے جنہوں نے 'سرکاری ملازمین کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر اس طرح کے غیر قانونی اسلحہ لائسنس جاری کیے تھے'۔