سرینگر//خوراک ، سول سپلائیز اور امور صارفین محکمہ کی طرف سے ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن میں ریاستی سطح کا ایک روزہ ورکشاپ منعقد ہوا جس کے دوران ای پی ڈی ایس کی موثر عمل آوری سے جُڑے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ورکشاپ کی صدارت محکمہ کے کمشنر سیکرٹری ڈاکٹر عبدالرشید نے کی جبکہ محکمہ کے کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ اس دوران ای پی ڈی ایس نظام کے مختلف پہلوؤں اور فوائد کو اجاگر کیا گیا ۔ کمشنر سیکرٹری نے کہا کہ حکومت نے عوامی تقسیم کاری میں ڈیجی ٹائیزیشن کو یقینی بنانے کیلئے ای پی ڈی ایس نظام کی شروعات کی ہے ۔ انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ اس نظام کی مؤثر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے متحرک لایحہ عمل اختیار کریں تا کہ راشن کی خرد برد پر قابو پایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست کے صارفین کے مفادات کو تحفظ دینے کی وعدہ بند ہے ۔ اس سے پہلے محکمہ کے ڈائریکٹر نے ای پی ڈی ایس کی حصولیابیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 3610 پی او ایس آلات نصب کئے گئے ہیں جن میں سے 2580 کام کر رہے ہیں اور کشمیر صوبے میں اس سکیم کے تحت 21 جون 2018 تک 8910970.15 کلو گرام راشن تقسیم کی گئی ۔