حسین محتشم
پونچھ//نوراتروں، عیدالفطر اور بیساکھی کے دوران بلا خلل پانی کی سپلائی یقینی بنانے کے لئے محکمہ جل شکتی وسیع پیمانے پر اقدامات اٹھا رہا۔ اس سلسلے میں ایگز یکٹیو انجینئرمحکمہ جل شکتی پونچھ، راجیو گھئی نے اسسٹنٹ ایکزیکٹو انجینئر میکینکل دلپزیر احمد اور اپنی پوری ٹیم کے ہمراہ ضلع کے مختلف پمپنگ اسٹیشنوں کا تفصیلی دورہ کیا۔اس دورے کیدوران ایکزیکٹو انجینئر راجیو گھئی نے تمام پمپنگ اسٹیشنوں پر پانی کی سپلائی کے موجودہ انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اسٹیشنوں پر نصب مشینوں اور دیگر آلات کا بغور معائنہ کیا اور پانی کی ذخیرہ اندوزی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے موجود عملے سے بات چیت کی اور ان سے درپیش مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ایگزیکٹو انجینئر راجیو گھئی نے ملازمین کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ آنے والے تہواروں کے دوران پانی کی سپلائی کو ہر صورت میں یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ نوراترے، عیدالفطر اور بیساکھی کے ایام میں لوگوں کی پانی کی ضروریات بڑھ جاتی ہیں، لہٰذا محکمہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ان ایام میں بلاتعطل پانی کی فراہمی ممکن بنائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی علاقے سے پانی کی سپلائی میں تعطل کی کوئی شکایت موصول نہیں ہونی چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔راجیو گھئی نے زور دیا کہ عملہ پوری تندہی اور ایمانداری کے ساتھ اپنی ڈیوٹی سرانجام دے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ وہ خود بھی وقتاً فوقتاً مختلف اسٹیشنوں کا معائنہ کرتے رہیں گے تاکہ پانی کی سپلائی کے نظام کو بہتر طریقے سے چلایا جا سکے۔اس موقع پر اسسٹنٹ ایکزیکٹو انجینئر میکینکل دلپزیر احمد نے بھی یقین دہانی کرائی کہ ان کی ٹیم ایکزیکٹو انجینئر کی ہدایات پر مکمل عمل کرے گی اور تہواروں کے دوران عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنے دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام پمپنگ اسٹیشنوں پر اضافی عملے کی تعیناتی اور ضروری مرمت کے کام پہلے ہی مکمل کر لئے گئے ہیں۔