سرینگر// "اپنی اسی سالہ تاریخ میں جے اینڈ کے بینک نے کچھ اتار چڑھاؤ دیکھے جنکو اس ادارے کے انسانی وسائل نے خندہ پیشانی کے ساتھ لیا جن میں جواں سال پود اور تجربہ کار لوگوں نے مل کر کافی محنت کی خاص کر جب بینک نے مالی برس 2016-17میں 1632کروڑ کا نقصان دکھایا وہ دور ہمارے لئے بہت کٹھن تھا۔ لیکن اب میں وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ ہم ایک محفوظ زون میں ہیں اس بینک کے اچھے دن بہت قریب ہیںاور دسمبر 2018 تک لگاتار سات کوارٹروں سے ہم منافع کی سیڑھیاں چڑھ رہے ہیں ـــ" ان خیالات کا اظہار جموں و کشمیر بینک کے چیئرمین اور سر پرست اعلیٰ پرویز احمد نے بینک آفیسروں کے اجتماع میں کیا جو ایگزیکٹیو پریزیڈنٹ عبدالشید شگن کی ریٹائرمنٹ کے موقع پرکل ۳۱ مارچ کوایک الوداعی تقریب میں شامل ہوئے تھے۔ اس تقریب میں بینک کی اعلیٰ انتظامیہ میں موجود ایگزیکٹیو پریزیڈنٹ آر کے چھبر اور پی کے تکو کے علاوہ بینک کے سبھی پریزیڈنٹ اور وائس پریزیڈنٹ شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مالی سال 2022کیلئے جو اہداف مقرر کئے ہیں ہم اُنکی جانب پیش رفت کر رہے ہیں۔ ہمیں صحیح رہنمائی، لوگوں کی خلوص بھری دعائیں اور سب سے بڑھ کر انسانی وسائل کا خزانہ حاصل ہے جو ایک ادارے کو مضبوطی بخشنے میں کلیدی ہوتے ہیں۔ اسی خزانہ میں عبد الر شید شگن بھی ہمارے ایک ایسے آفیسر تھے جو اپنے آپ میں ایک مثال، ایک شریف النفس اور پُر خلوص انسان بھی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ترقی کے مختلف زینے طے کرتے ہوئے بینک کی اعلیٰ قیادت سنبھالی ۔ انہوں نے آخر پر انسانی وسائل، کارپوریٹ کمیونیکیشن، سی ایس آر، برینڈ سٹریٹیجی اور ڈسپلنری محکمے کے ہیڈ ہوتے ہوئے اُس محنت اور ایمانداری سے کام کیا جسے جے کے بینک کبھی فراموش نہیں کر سکتا ہے۔یکزیکٹیو پریزیڈنٹ پی کے تکو نے کہا کہ شگن صاحب نہایت انسان دوست آدمی ہیں جبکہ یکزیکٹیو پریزیڈنٹ آر کے چھبر کا کہنا تھا کہ انکی قابلیت اور کام کرنے کا جذبہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔اس سے پہلے عبدالرشید شگن نے اپنی جذباتی تقریر میں کہا کہ میرا 37سالہ بینک کیرئر اس بات کا گواہ ہے کہ اس ادارے میں لوگ کس قدر رشتہ بناتے ہیں، لگن و محنت کے ساتھ سب سے پہلے اپنے ادارے کا سوچتے ہیں اور اُسکے بعد اپنے گھر کا سوچتے ہیں۔اس ادارے میں کام کرنے کا ڈھنگ دیگر اداروں سے مختلف ہے کیونکہ یہاں ملازمین کے کام میں لگن اور جذبہ موجود ہے اور وہ جو بھی کام کرتے ہیں دل و جان سے کرتے ہیں۔ اے آر شگن نے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ جے کے بینک کے ساتھ میری وابستگی اسی تناظر سے رہی ہے اور میں اس ادارے کا نہایت ممنوں ہوں کہ اس نے مجھے ریاستی لوگوں کی خدمت کا موقع دیا۔ میں نے جو کچھ بھی اپنے سروس کیئریر میں سیکھا اور اپنایا ہے اُسے میں اپنی پوری زندگی اپنے ساتھ لیکر چلوں گا۔