عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// ہندوستانی فوج نے اتوار کو اگنیور گوتے اکشے لکشمن کو خراج عقیدت پیش کیا، جس نے سیاچن گلیشیئر میں ڈیوٹی کے دوران اپنی جان گنوائی۔ ہندوستانی فوج کے فائر اینڈ فیوری کور نے سوگوار خاندان کے ساتھ اپنی گہری تعزیت پیش کی۔فائر اینڈ فیوری کور نے ایکس پر پوسٹ کیا’’ اگنیور(آپریٹر)گوتے اکشے لکشمن کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، جس نے ڈیوٹی کے دوران، سیاچن کی بلند چوٹیوں کے درمیان جان دی،خاندان کے ساتھ گہری تعزیت پیش کرتے ہیں” ۔
ہندوستانی فوج نے سوشل میڈیا پوسٹ پر ایک پیغام میں کہا کہ وہ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔اس سے قبل جون میںسیاچن گلیشیئر میں آگ لگنے کے حادثے میں ایک فوجی جوان کی موت جبکہ تین فوجی زخمی ہو گئے تھے۔ رجمنٹ کے میڈیکل آفیسر کیپٹن انشومن سنگھ اس افسوسناک واقعے کے دوران شدید جھلسنے کی وجہ سے چل بسے۔ادھرراجوری سیکٹر میں سنتری ڈیوٹی پر تعینات ایک اگنی ویر امرت پال سنگھ 11 اکتوبر کو خود کو لگنے والی چوٹ کی وجہ سے فوت ہوا تھا ۔ اگنیور امرت پال سنگھ راجوری سیکٹر میں سنتری ڈیوٹی کے دوران خود کو گولی مارنے سے ہلاک ہوا تھا۔