راجوری //ضلع ہسپتال راجوری میں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے مقصد سے چند روز قبل ہی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے آئوٹ ڈور پیشنٹ یعنی OPDکا افتتاح کیا لیکن یہ شکایات سامنے آرہی ہیں کہ اس میں فیزیشن ڈاکٹر ملتے ہی نہیں جس کی وجہ سے مریضوں کو سخت مشکلات کاسامناہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ دو فیزیشن ڈاکٹر جو ضلع ہسپتال میں تعینات تھے ، میںسے ایک دو ہفتوں کیلئے ٹریننگ کیلئے گیاہواہے جبکہ دوسرا پچھلے کچھ دنوںسے چھٹی پر ہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ دونوں ڈاکٹر اس وقت ضلع سے باہر ہیں اور ان کے متبادل کے طور پر نہ ہی کوئی انتظام کیاگیاہے اور نہ ہی کوئی دستیاب بھی ہے ۔ذرائع نے مزید کہاکہ فی الوقت او پی ڈی ونگ فیزیشن ڈاکٹروں کے بغیر چل رہاہے اور مریضوں کے پاس اس کے سواکوئی چارہ نہیں کہ وہ اپنے علاج پرائیویٹ طور پر کرائیں ۔ذرائع نے بتایاکہ اس حوالے سے چیف میڈیکل افسر راجوری نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کے نام ایک خط بھی لکھاجس میں اپیل کی گئی تھی کہ فیزیشن ڈاکٹر فراہم کیاجائے لیکن ابھی تک اس پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے ۔میڈیکل سپرینڈنٹ ضلع ہسپتال راجوری ڈاکٹر پرمندر سنگھ کاکہناہے کہ ہسپتال میں تعینات دونوں فیزیشن ضلع سے باہر ہیں ،ان میںسے ایک ٹریننگ کیلئے جبکہ دوسرا ذاتی مصروفیات کی وجہ سے کہیں گیاہواہے ۔انہوںنے کہاکہ متبادل انتظام کے بارے میں انہوںنے حکام کو خط لکھاہے لیکن ابھی تک اس مانگ کو پورا نہیں کیاگیا ۔