محمد تسکین
بانہال// رام بن کے جٹگلی گاؤں سے 4ستمبر سے لاپتہ ہوئی ایک خاتون اور اس کے گھر پر پڑے چار کم عمر بچوں کے انصاف کیلئے رام بن کے کئی دیہات میں لوگوں نے کینڈل مارچ نکالا اور پولیس پر زور دیاکہ وہ لاپتہ ہوئی خاتون کا فوری طور پر پتہ لگائیں اور اس کیس میں مشتبہ ملزم بقول خاتون کے رشتہِ داروں کے ، اس کے شوہر کو فوری طور گرفتار کیا جائے۔لاپتہ ہوئی خاتون کی شناخت 38سالہ سلیشا دیوی زوجہ جیون سنگھ ساکنہ جٹگلی تحصیل رام بن ضلع رام بن کے طور کی گئی ہے۔ مقامی لوگوں نےبتایا کہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے ضلع رام بن کے ہالہ ، دھندرسٹھ ، جٹگلی ، شاندری، گھاڑی اور کمیت گاؤں سمیت ضلع رام بن کے مختلف مقامات پر پرامن کینڈل مارچ نکالا۔ انہوں نے کہا کہ سلیشا ایک ماہ سے زائد عرصے سے لاپتہ ہے، لیکن رام بن پولیس ابھی تک کوئی ٹھوس نتیجہ نہیں نکال سکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے سلیشا دیوی انصاف کی تلاش میں متحد ہوکر پولیس حکام پر زور دیا کہ وہ مشتبہ مجرموں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کریں اور انہیں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔انہوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ لاپتہ خاتون کو ڈھونڈ نکالے اور لاپتہ خاتون کے گھر میں چار معصوم بچوں کے لیے فوری انصاف کریں۔انہوں نے کہا کہ رام بن کے ایک درجن گاؤں میں کینڈل مارچ انصاف کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے کمیونٹی کی اجتماعی تشویش اور عزم کی عکاسی کرتا ہے اور پولیس انتظامیہ کو اس بارے میں فوری کاروائی کی جانی چاہئے اور مشتبہ ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔اس سلسلے میں بات کرنے پر ایس ایچ او رام بن وجے کوتوال نے کہا کہ پولیس سٹیشن رام بن میں گمشدگی کی ایک رپورٹ درج کرائی گئی ہے اور ہر زاویہ سے معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس میں خاتون کے رشتہ داروں کی شکایت پر سلیشا دیوی کے شوہر(مشتبہ ملزم) کو روزانہ کی بنیاد پر پولیس سٹیشن رام بن طلب کیا جاتا ہے اور اس سے اس کی بیوی کی گمشدگی کے معاملے میں پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ کوتوال نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ بہت جلد خاتون کی پراسرار گمشدگی کامعاملہ حل کر لیا جائے گا۔