مینڈھر//لگ بھگ ایک ماہ کی خاموشی کے بعد مینڈھر کے بالاکوٹ سیکٹر میں ہندوپاک افواج کے درمیان پھر سے فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواجس دوران اگرچہ کوئی جانی نقصان نہیںہواالبتہ لوگوں میں خوف و ماحول پایاجارہاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ صبح کے نو بجے بالاکوٹ سیکٹر میں فائرنگ شروع ہوئی جس دوران دونوں طرف سے پہلے تو چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کیاگیاتاہم بعد میں مارٹر گولے بھی برسائے گئے ۔ذرائع کاکہناہے کہ فائرنگ اور گولہ باری سے کسی بھی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیںلیکن لوگوں میں کافی زیادہ خوف پایاجارہاہے ۔دریں اثناء جموںمیں مقیم فوج کے دفاعی ترجمان نے الزام عائد کیاہے کہ فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ پاکستانی فوج کی طرف سے شروع کیاگیاتھا جس کے جواب میں بھارتی فوج نے بھی بھرپور رد عمل ظاہر کیا۔فائرنگ کا یہ سلسلہ صبح ساڑھے دس بجے رک گیا جس کے بعد اگرچہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کا کوئی تازہ واقعہ پیش نہیں آیا لیکن حد متارکہ پر صورتحال کشید ہ بنی ہوئی ہے ۔