یواین آئی
نئی دہلی// دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے ہفتہ کو وزیر اعظم نریندر مودی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لوک سبھا انتخابات جیت جاتی ہے تو سبھی اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں کو جیلوں میں ڈال کر ایک قوم ایک لیڈر کا خطرناک مشن پورا کریں گے۔ کیجریوال نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے آپ کو کچلنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ پارٹی کے چار بڑے لیڈروں کو جیل بھیجنے کے بعد بھی ان کی پارٹی اور مضبوط ہوکر ابھری ہے۔ وزیراعظم آپ کو کچلنا چاہتے ہیں۔ مودی کا یہ عمل جمہوریت نہیں ہے ، ملک کے عوام اسے پسند نہیں کرتے۔دہلی کے وزیراعلی نے کہا کہ وزیر اعظم کہہ رہے ہیں کہ وہ کرپشن کے خلاف لڑ رہے ہیں لیکن انہوں نے ملک کے بدعنوان ترین لوگوں کو اپنی پارٹی میں شامل کر لیا ہے۔ اگر وہ بدعنوانی کے خلاف لڑنا چاہتے ہیں تو انہیں کیجریوال سے سیکھنا پڑے گا۔ وزیراعظم صاحب اہل وطن کو بیوقوف سمجھنے کی غلطی نہ کریں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم نے بہت خطرناک مشن شروع کیا ہے۔ وہ ایک قوم ایک لیڈر کے راستے پر چل رہے ہیں ،جس میں وہ ہم تمام اپوزیشن کو ختم کر دیں گے۔ اگر وہ الیکشن جیت گئے تو باقی تمام اپوزیشن لیڈر جیل میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپنی ہی پارٹی کے رہنماؤں کی سیاست کو بھی ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اگر وہ اس بار الیکشن جیتتے ہیں تو وہ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی جگہ بھی لیں گے۔ اس سے پہلے وہ کئی ریاستوں میں بی جے پی کے سینئر لیڈروں کو سائیڈ لائن کرنے کا کام کر چکے ہیں۔ کیجریوال نے کہا “آج ایک آمر شخص ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ اس لئے وہ 140 کروڑ اہل وطن سے ملک کی جمہوریت کو بچانے کی اپیل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو بچانے کے لیے وہ پورے ملک میں جائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مودی اپنے لئے ووٹ نہیں مانگ رہے ہیں بلکہ وہ وزیر داخلہ امت شاہ کو وزیر اعظم بنانا چاہتے ہیں کیونکہ وزیر اعظم اگلے سال 17 ستمبر کو 75 سال کے ہو جائیں گے۔