تیاری، ذخیرہ ، تقسیم اور ترسیل فوڈ سیفٹی معیارات کے تحت غیر قانونی قرار
پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر انتظامیہ نے جموں و کشمیر میں فروخت ہونے والے منجمد گوشت، چکن اور مچھلیوں کی مصنوعات فروخت ، ذخیرہ اور ترسیل پر مکمل پابند عائد کی ہے اور یہ پابندی ایک سال کیلئے رہے گی۔ انتظامیہ کے مطابق جموں و کشمیر میں فروخت ہونے والا پروسسڈ گوشت، چکن اور مچھلیاں فوڈ سیفٹی کے قوائد و ضوابط کے تحت نہیں ہوتے اور اسلئے ان پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ کمشنر فوڈ سیفٹی سمیتا سیٹھی کے جانب سے جاری کئے گئے حکم میں بتایا گیا ہے کہ منجمد گوشت اور گوشت کی دیگر مصنوعات کو جمع کرنا ، ان سے وازوان بنانا، تقسیم اور اسکی ترسیل غیر قانونی ہوگی ۔ احکامات میں کہا گیا ہے کہ فوڈ سیفٹی افسران کے معائینوں کے دوران بڑی مقدار میں بوسیدہ اور بغیر لیبل منجمد گوشت ضبط کیا گیا اور قانون کے مطابق غیر معیاری گوشت کو تلف کیا گیا۔ حکم نامہ کے تحت فوڈ سیفٹی ایکٹ کے سیکشن 3(1)(zz) کے تحت قصور وار پانے والے سزا کے حق دار ہیں۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ضبط کئے گئے پروسسڈ کھانے میں لازمی لیبل پر لاٹ نمبر، بنانے کی تاریخ، سٹور کرنے کی سہولیت،کمپنی کا نام اور پتہ ،ایف ایس ایس اے آئی کا لائسنس نمبر اورلوگو کے علاوہ گوشت ہونے کی نشانی موجود ہونی چاہیے ۔ محکمہ فوڈ سیفٹی نے جن فرموں سے بوسیدہ گوشت اور چکن ضبط کیا ان میں یہ تفاصیل موجود نہیں تھیں جو فوڈ سیفٹی ایکٹ کے سیکشن 4(1) 6اور 9 کے تحت غیر قانونی ہے۔حکم نامہ میں قانون کی مختلف شقوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاگیا ہے کہ گوشت منفی 18ڈگری سے کم درجہ حرارت پر منجمند ہونا چاہئے۔ گوشت، چکن اور مچھلیوں کو علیحدہ پروسس کرنا چاہئے ،جس دوران درجہ حرارت اور نمی کا خاص خیال رکھنا لازمی ہوتا ہے۔ گوشت، چکن اور مچھلیاں فروخت کرنے والوں کو پروسسنگ، پکانے ، سٹور کرنے اور پیکنگ کے دوران درجہ حرارت کا خاص خیال رکھنا ہوگا۔ ان غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے فوڈ کمیشن نے منجمد گوشت اور کم سے کم قواعد و ضوابط وضع کئے ہیں جن میں سٹور کرنے کیلئے کم سے کم درجہ حرارت منفی 18ڈگری ہونا لازمی ہے اورٹھنڈے گوشت کو منفی 4ڈگری پر قلیل مدتی سٹوریج کیلئے رکھا جاسکتا ہے۔ گوشت ، چکن،مچھلی اور پولٹری کی لیبل پر’’ فریزنگ کی تاریخ‘‘ لازمی درج ہو اور 12ماہ کے اندر اندر فروخت کرنا لازماً لکھا ہونا چاہیے۔ فوڈ پروسسنگ کرنے والوں کی جانب سے قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی کے بعد کمشنر فوڈ سیفٹی نے اپنے احتیارات کو استعمال کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں منجمد گوشت، چکن اور مچھلیوں کی مصنوعات کو فروخت کرنے پر پابندی عائد کردی ہے اور یہ پابندی ایک سال تک نافذ رہے گی۔ آرڈر میں کہا گیا ہےمختلف کمپنیوں کا معائنہ کرنے کے بعد فوڈسیفٹی کمشنر نے ’’ جموں و کشمیر میں صحت سے متعلق خطرات کو دیکھتے ہوئے امتناعی احکامات ‘‘ نافذ کئے ہیں۔ فوڈ سیفٹی کمشنر سمیتا سیٹھی نے فوڈ سیفٹی ایکٹ کے سیکشن 30کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں پروسسنگ گوشت، چکن اور مچھلیاں تیار کرنے، سٹور کرنے، تقسیم اورٹرانسپورٹ کرنے پر فوری پابندی عائد کردی ہے جس کا اطلاق فوری طور پر نافذالعمل ہوگا کیونکہ فوڈ سیفٹی کے تحت یہ گوشت ، پولٹری اور مچھلیوں کی مصنوعات محفوظ نہیں ہوتے ہیں۔