نوشہرہ //ایک دن کے تعطل کے بعد نوشہرہ میں ہندوپاک افواج کے درمیان ایک مرتبہ پھر سے فائرنگ اورگولہ باری کاتبادلہ ہواجس کے نتیجہ میں 55سالہ شہری لقمہ اجل بن گیاجو فوج کے ساتھ بطور پورٹر کام کررہاتھا ۔ذرائع نے بتایاکہ دوپہر کے وقت نوشہرہ سیکٹر کے سب سیکٹر کلال میں فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواجس دوران 24مراٹھا لائی کے یونٹ میں بطور پورٹر تعینات 55سالہ شخص لقمہ اجل بن گیا جس کی شناخت بودھراج ساکن ڈھینگ نوشہرہ کے طور پر ہوئی ہے ۔ فوج کے دفاعی ترجمان کے مطابق دن کے 12بجے پاکستانی فوج کی طرف سے نوشہرہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجہ میں ایک شہری لقمہ اجل بن گیا ۔ ترجمان نے بتایاکہ گولیاں لگنے کے فوری بعد اس شہری کو طبی امداد دی گئی لیکن وہ دم توڑ گیا ۔ترجمان کے مطابق پاکستانی فائرنگ کا بھارتی فوج نے بھی بھرپورجواب دیا ۔انہوں نے کہاکہ فوج متاثرہ خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا یقین دلاتی ہے ۔واضح رہے کہ نوشہرہ سیکٹر میں پیر کے روز بھی شدید فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواتھاجس کے بعد حد متارکہ کے قریب واقع تعلیمی اداروں کو بند کردیاگیا تاہم منگل کے روز حالات پرامن رہے اور حد متارکہ پر کسی بھی طرح کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیںہواجس کو دیکھتے ہوئے بدھ کی صبح تدریسی سرگرمیوں کو بحال کردیاگیامگر دوپہر کے وقت پھر سے دونوں ممالک کی افواج میں فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواجس کے بعد حالات مسلسل کشیدہ بنے ہوئے ہیں ۔