نئی دہلی// ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں دودن تک کچھ کمی رہنے کے بعد ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پہلی مرتبہ کورونا کے97894 کیسز سامنے آئے جس سے متاثرین کی تعداد 51 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ وہیں راحت کی بات یہ ہے کہ اس دوران 82 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
مرکزی وزارت برائے صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے جمعرات کو جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ریکارڈ97894 نئے کیسز کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد5118254 ہوگئی۔ اس دوران 1132متاثرہ مریضوں کی موت سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 83198ہو گئی ہے اور82719 مریض صحت یاب ہو ئے ہیں ، جس سے کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 4025080ہو گئی ہے۔
صحت یاب ہونے والوں کے مقابلے میں کورونا کے نئے کیسززیادہ ہونے سے ایکٹو کیسز14043 سے بڑھ کر1009976 ہوگئے ہیں ملک میں ایکٹو کیسز 19.73 فیصد اور صحت یاب ہونے کی شرح 78.64 فیصد ہے ، جبکہ شرح اموات 1.63 فیصد ہے۔