یو این آئی
نئی دہلی//ہندوستانی ریلوے نے اس سال چھٹ کے تہوار پر ایک ہی دن میں غیر محفوظ زمرے کے ایک کروڑ سے زیادہ مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچا کر ایک ریکارڈ قائم کیا ہے۔ریلوے کے ترجمان نے منگل کو بتایا کہ اس سال تہواروں کے موقع پر ریلوے کی طرف سے 7663 خصوصی ٹرینوں کو نوٹیفائڈ کیا گیا ہے۔ یہ ٹرینیں یکم اکتوبر سے 30نومبر کے درمیان چلائی جا رہی ہیں۔ گزشتہ سال اس عرصے کے دوران 4429خصوصی ٹرینیں چلائی گئیں۔ اس طرح اس سال 73 فیصد سے زیادہ ٹرینیں چلائی گئی ہیں۔ترجمان کے مطابق 24 اکتوبر سے 4 نومبر کے درمیان ہندوستانی ریلوے میں 9.58 کروڑ مسافروں نے غیر مضافاتی راستوں پر سفر کیا۔ یہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔ پچھلے سال دیوالی اور چھٹ کے ہفتہ کے دوران 9.24 کروڑ مسافروں نے سفر کیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ پیر 4 نومبر کو ہندوستانی ریلوے کے غیر مضافاتی راستوں پر 1 کروڑ 20 لاکھ 72 ہزار سے زائد مسافروں نے سفر کیا جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اس میں ریزرو کیٹیگری کے 19.43 لاکھ مسافر اور غیر محفوظ زمرے کے 1 کروڑ 1 لاکھ 29 ہزار مسافر شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ریلوے نے 3 نومبر کو 207 خصوصی ٹرینیں اور 4ومبر کو 203 خصوصی ٹرینیں چلائیں جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔