بانہال// بارشوں اور برفباری کے جاری سلسلے کی وجہ سے تین سو کلومیٹر لمبی جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت مسلسل چوتھے روز بھی بند رہی اور سنیچر بھی جموں اور سرینگر سے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں تھی۔ وقفے وقفے سے بارشوں اور برفباری کے جاری سلسلے کی وجہ سے رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں مختلف مقامات پر پتھروں اور پسیوں کے گرنے کا سلسلسہ جاری رہا اور فورلین شاہراہ کی تعمیراتی کمپنیوں کی طرف سے کوشش کے باوجود بھی شاہراہ کی بحالی ممکن نہیں ہو سکی ہے۔ شاہراہ کے مسلسل بند ہونے کی وجہ سے سینکڑوں مال اور مسافر گاڑیاں جموں سرینگر شاہراہ کے مختلف مقامات پر پچھلے چار روز سے درماندہ ہیں۔ ٹریفک کنٹرول یونٹ رام بن نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کی شام اورسنیچر صبح شاہراہ پر گر ائی ایک درجن کے قریب پسیوں کو صاف کیا گیا لیکن مسلسل بارشوں کی وجہ سے مزید پسیوں اور پتھروں کے گرنے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ انہوں نے کہا کہ رام بن اور بانہال کے درمیان انوکھی فال ، بیٹری چشمہ ، ڈگڈول اور پنتھیال کے مقام پسیوں اور پتھروں گر انے کا سلسلہ جاری تھا۔ انہوں نے کہا کہ پنتھیال کے مقام پر گرتے پتھروں کا سلسلہ شام تک جاری تھا جبکہ انوکھی فال اور بیٹری چشمہ کے مقام پر دو بڑی پسیاں گر آئیں۔چار روز سے سینکڑوں مال اور مسافر گاڑیاں جموں ، نگروٹہ ، ادہمپور ، رام بن اور قاض گنڈ میں درماندہ ہیں۔ادھر دوپہر تین بجے بعد جواہرٹنل اور بانہال کے علاقوں میں تازہ برفباری کا سلسلہ پھر شروع ہو گیا جو شام پانچ بجے تھم گیا جبکہ ہلکی ہلکی بارشیں جاری تھیں۔ادھرضلع رام بن کے بانہال کے کھڑی مہو منگت ، ترنہ ترگام بزلہ ، نیل ، نوگام اور پوگل پرستان کے علاقوں میں ایک سے دو فٹ تازہ برفباری ہوئی ہے۔