سرینگر// حیدپورہ ایکو فرنڈس کالونی کے لوگوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے جبکہ مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کی تمام سڑکوں کو متعلقہ تعمیراتی ایجنسیوں نے کھود کر لوگوں کو یر غمال بنایا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ امرت سکیم کے تحت نکاسی آب کیلئے جو ڈرین تعمیر کی جا رہی ہے،اس کی وجہ سے پہلے گنگہ بگ علاقے سے ایکو فرنڈس کالونی کا رابطہ منقطع کیا گیااور سڑک کو بند کیا گیاجبکہ بعد میں بیک وقت حید پورہ علاقے سے بھی جانے والی سڑک کو کھودا گیا۔انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کو محصور بنا لیا گیا ہے اور حکام خواب غفلت میں سو کر متعلقہ تعمیراتی ٹھکیداروں اور ایجنسیوں کو جوابدہ نہیں بنا رہے ہیں۔لوگوں نے کہا کہ گزشتہ3ماہ سے صورتحال جوں کی توں ہے جس کی وجہ سے اہل علاقہ سخت پریشانیوں میں مبتلا ہیں۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگر چہ کئی بار ارباب اقتدار اور انتظامیہ کی نوٹس میں بھی یہ بات لائی گئی تاہم انہوں نے کوئی توجہ نہیں دی۔ان کا کہنا تھا کہ ایک تو رابطہ سڑکیں بند ہوئی ہیںاور ثانیاً یہ کہ اگر کوئی نامسائد صورتحال پیش آئے یا خدا نخواستہ آگ کی کوئی واردات پیش آئے تو پورا علاقہ منٹوں میں راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگاکیونکہ دونوں اطراف سے رابطہ سڑکیں منقطع ہونے کے بعد کسی بھی گاڑی کو اندر جانے کی کیلئے جگہ موجود نہیں ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق بیماروں کو بھی کندھوں یا گود میں اٹھا کر سڑک پر لانا پڑتا ہے اور اس کے بعد ہی انہیں اسپتال پہنچایا جاتا ہے جس کی وجہ سے اہل علاقہ سخت تشویش میں مبتلا ہے۔لوگوں نے انتظامیہ اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس سلسلے میں اقدامات کئے جائیںاور اہل علاقہ کو پھر سے دیگر علاقوں سے جوڑا جائے۔