سرینگر//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے اپنے ایک مقتدر اور صالح ساتھی ایڈوکیٹ عبدالغنی ڈار کی المناک ہلاکت پر اظہار ِافسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک انتہائی اعلیٰ صفات کے مسلمان تھے جنہوں نے عوامی خدمت کو اپنا شعار بنایا تھا۔ مقررین نے کہا کہ مرحوم کی جدائی سے نہ صرف ان کے اہل خانہ اور مداح ہی غمزدہ ہیں بلکہ پارٹی کے اندر اور باہر جو انہیں بحیثیت وکیل اور سماجی و سیاسی کارکن جانتے اور پہچانتے تھے ، وہ سب حیرت زدہ ہیں ۔ تعزیتی اجلاس میں پارٹی کے درجنوں ساتھیوں نے مرحوم کی روح کیلئے سکون اور ان کیلئے اللہ تبارک و تعالیٰ کے جوارِ رحمت میں جگہ کیلئے دعا کی۔ غمزدہ کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اگر چہ موت لازمی امر ہے پھر بھی وہ ان کی جدائی کے غم میں وہ برابر کے شریک ہیں۔ تعزیتی اجلاس میں جن لوگوں نے دعائے مغفرت میں شرکت کی ان میں سرتاج مدنی نائب صدر، جنرل سیکرٹرینظام الدین بٹ، قاضی محمد افضل اور رفیع احمد میر، راجہ اعجاز ، مفتی سجاد، عبدالحمید کوشین، ضلع صدور خورشید عالم منتظر محی الدین، یاسر ریشی ایم ایل سی ، نور محمد ایم ایل اے، نذیر احمد لاوے ایم پی، نذیر احمد یتو اور دیگر سینئر لیڈران و کارکنان موجود تھے۔