سرینگر// پی ڈی پی ریاستی کابینہ میں 2نئے چہروں کو لا رہی ہے جبکہ قانون و دیہی ترقی کے وزیر عبدالحق خان کو کابینہ سے باہر کیا جارہا ہے۔پارٹی نے پلوامہ کے سینئر ایم ایل اے محمد خلیل بند کو کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیاہے جبکہ سرینگر سے سونہ وار حلقہ کے ممبر اسمبلی محمد اشرف میرکو بھی کابینہ میں لیا جارہا ہے۔محمد خلیل بندکو کابینہ میں شامل کئے جانے سے پلوامہ کو نمائندگی ملے گی کیونکہ حسیب درابو کو کشمیر کے بارے میں دئے گئے متنازعہ بیان کے بعد کابینہ سے ہٹا لیا گیا تھا۔محمد اشرف میر مفتی محمد سعید کی وزارتی کونسل میں وزیر مملکت رہے ہیں۔