عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ ایتو نے جموں و کشمیر ایڈز کنٹرول سوسائٹی (جے کے اے سی ایس) کی موبائل اِنٹی گریٹیڈ کاؤنسلنگ اینڈ ٹیسٹنگ سینٹر (آئی سی ٹی سی) وینوں کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔ اس اقدام کا مقصد دُور دراز اور پسماندہ علاقوں میں صحت خدمات اور ایچ آئی وی،ایڈز سے متعلق بیداری کو فروغ دینا ہے۔سکینہ ایتو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایچ آئی وِی ایڈز سے متاثرہ افراد کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اپنانے اور معاشرتی بدنامی کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا’’ایڈز سے متاثرہ افراد کو صرف علاج کی ہی نہیں بلکہ ہمدردی، عزت، مشاورت، بیداری اور کمیونٹی سپورٹ کی بھی اشد ضرورت ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ اَفراد کی مناسب کونسلنگ اور حساسیت کے ذریعے ان لوگوں کی مدد کی جا سکتی ہے جو بدنامی کے ڈر سے سامنے نہیں آتے۔وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ یہ جدید موبائل وینز ایچ آئی وی کے خلاف لڑائی میں ایک مؤثر قدم ہیں۔ ان وینوں کے ذریعے دُور دراز اور پسماندہ علاقوں تک تشخیصی و مشاورتی سہولیات پہنچائی جائیں گی بالخصوص ان کمیونٹیوں کو جنہیں زیادہ خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے کہا’’ان موبائل وینوں کا آغاز حکومت کے اس عزم کی علامت ہے کہ بہترین صحت سہولیات کو ہر فرد کی دہلیز تک پہنچایا جائے، جغرافیہ یا بدنظمی کی وجہ سے کسی کو بھی رَسائی سے محروم نہیں کیا جانا چاہئے‘‘۔اس موقع پر وزیر صحت نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے صحت شعبے کی ترقی کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔سیکرٹری صحت ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں ایچ آئی وی کے کم ترین کیسز ہیں اور اس وائرس کے مکمل خاتمے کے لئے ہم سب کو اَپنی کوششیں دوگنی کرنی ہوں گی۔تقریب کے آغاز میں جے کے اے سی ایس کی ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مونیکا والی نے موبائل آئی سی ٹی سی وینوں کی اہمیت اور اِفادیت پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ اَقدام ایڈز کے خلاف ہماری جدوجہد کو مزید مضبوط کرے گا اور حساس کمیونٹیوں کو بروقت تشخیص اوربیداری فراہم کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس اَقدام سے متاثرہ اَفراد میں اس وائرس کا جلد پتہ لگانے میں بھی مدد ملے گی اور بیداری کی وجہ سے روکتھام کے اَقدامات کو تقویت ملے گی۔اس موقع پر وزیرموصوفہ کو ان وینوں کی خصوصیات کے بارے میں بھی بتایا گیا ۔ بتایا گیا کہ اِن وینوں میں رازداری سے مشاورت، خون کے نمونے کی جانچ،آئی اِی سی ( اِنفارمیشن ، ایجوکیشن اینڈ کمیونی کیشن) بیداری مہمات کے لئے تمام سہولیات موجود ہیں۔یہ بھی بتایا گیا کہ اِن وینوں میں تربیت یافتہ طبی عملہ تعینات ہوگا جو ہر فرد کے ساتھ حساسیت اور پیشہ ورانہ طریقے سے پیش آئے گا۔اس موقع پر سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ، ڈائریکٹرسکمز، پروجیکٹ ڈائریکٹر جے کے اے سی ایس، ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر، ڈائریکٹر آیوش، پرنسپل جی ایم سی سرینگر، چیف میڈیکل افسران، محکمہ صحت کے سینئر اَفسران اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔