عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ایچ ڈی ایف سی بینک کی ترقی ، استقامت اور جموں و کشمیر کے ساتھ طویل مدتی وابستگی کی تعریف کی ۔ جموں و کشمیر کے سیاحتی ورثے پر روشنی ڈالتے ہوئے عمر عبداللہ نے کشمیر کو صدیوں پہلے دہلی کے لال قلعے کی دیواروں پر ’ زمین پر جنت ‘ کے طور پر بیان کئے جانے کی تاریخی یاد تازہ کی ۔ انہوں نے مہمانوں سے سرینگر سے باہر کے علاقوں کو بھی دریافت کرنے کی درخواست کی اور یقین دلایا کہ ان کے تجربات انہیں اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ دوبارہ آنے کی ترغیب دیں گے۔ وزیراعلیٰ جمعہ کی شام ایس کے آئی سی سی میںبنک کی سالانہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ پائیدار سیاحت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا ’’ ہماری کامیابی اس بات سے نہیں ناپی جائے گی کہ ہم آپ کو ایک بار یہاں لائیں ، بلکہ اس بات سے کہ آپ دوبارہ تشریف لائیں ، بار بار آنا ہماری سیاحتی کوششوں کا اصل پیمانہ ہے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ ایچ ڈی ایف سی بینک جموں و کشمیر کی معاشی ترقی میں ایک اہم شراکت دار بن چکا ہے ۔ 124 شاخوں اور شہری و دور دراز علاقوں میں پھیلے ہوئے اے ٹی ایمز کے وسیع نیٹ ورک کے ساتھ بینک نے جمع ، قرض ، ترجیحی شعبوں کی مالی اعانت اور صارفین کی ضروریات پر مبنی اقدامات تک اپنی خدمات کو وسعت دی ہے ، جو جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اس کی گہری وابستگی کی عکاسی کرتا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے ایچ ڈی ایف سی بینک کا اس کی سالانہ تقریب کیلئے جموں و کشمیر کا انتخاب کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کے ایونٹس جموں و کشمیر کے بینکنگ سیکٹر کے ساتھ بڑھتی ہوئی شراکت کو مضبوط کرتے ہیں ۔ عمر عبداللہ نے کہا ’’ ایچ ڈی ایف سی بینک کی آج یہاں موجودگی نہ صرف مالی کامیابی کا جشن ہے ، بلکہ جموں و کشمیر کی صلاحیت اور اس کے مستقبل پر ایمان کی دوبارہ توثیق ہے ‘‘۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی ، قانون ساز فاروق احمد شاہ اور تنویر صادق ، ایچ ڈی ایف سی بینک کے سینئر منیجروں ، نمائندوں ، عہدیداروں اور ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے مہمانوں نے بھی اس موقع پر شرکت کی ۔