اننت ناگ // نامعلوم افراد نے دوران شب نجی بینک کی ایک ٹیلر مشین کولاکھوں روپے سمیت اُڑا لیا جبکہ صنعت نگر سرینگر میں جموں وکشمیر بنک کے اے ٹی ایم گارڈ نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو لٹیروں کو کو بھاگنے پر مجبور کر دیا ۔براکہ پورہ اننت ناگ علاقے میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب چند نامعلوم افراد نے ایچ ڈی ایف سی بنک کا اے ٹی ایم اڑا لے گئے۔فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا واردات کے وقت اے ٹی ایم گارڈ وہاں موجود تھا یا نہیں ۔تاہم پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ واردات انتہائی فرصت میں انجام دی گئی کیونکہ لٹیروں نے اے ٹی ایم کوسیمنٹ کی کئی فٹ موٹی تہہ توڑ کر باہر نکالا اور مشین کو ہی اپنے ساتھ لے گئے۔پولیس کے مطابق بدھ کی صبح قاضی گنڈ پولیس کو یہ اطلاع ملی کہ بوگام علاقے میں ایک اے ٹی ایم ویران جگہ پر پڑا ہوا ہے جس کے بعد پولیس ٹیم وہاں پہنچی اور اسے اے ٹی ایم کو اپنی تحویل میں کیا ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ اے ٹی ایم کی توڑ پھوڑ کرکے اس میں موجود رقم اڑالی گئی ہے اور لٹیرے خالی مشین پھینک کر فرار ہوگئے۔بنک حکام کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایم میں7.18لاکھ روپے کی رقم موجود تھی جو لوٹ لی گئی ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ منگل اور بدھ کی در میانی رات کو صنعت نگر سرینگر میں بھی ایسی ہی واردات انجام دینے کی کوشش کی گئی تھی تاہم وہاں موجود نجی سیکورٹی گارڈ نے اس کوشش کو ناکام بنا دیا ۔بتایا جاتا ہے کہ شبیر احمد چوپان نانی اے ٹی ایم گارڈ جو جموں وکشمیر بنک کے اے ٹی ایم پر مامور تھا نے2افراد کے ساتھ زبردست مزاحمت کی ،جو اے ٹی ایم مشین کو لوٹنے کیلئے آئے تھے ۔معاملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم نے جائے واردات پر پہنچ کر اے ٹی ایم گارڈ کا بیان قلمبند کیا ۔اس سلسلے میں باضابطہ طور کیس رجسٹر کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ ضبط شدہ ماروتی کار کی مدد سے لٹیروں تک پہنچنے کی کوشش کی جارہی ہے۔