اسلام آباد //سابق وزیراعظم نوازشریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلیں سماعت کے لیے منظور کرلی گئی ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ کل ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کے خلاف نواز شریف، مریم نواز اورکیپٹن (ر)صفدر کی اپیلوں کی ابتدائی سماعت کرے گا۔نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کرائی گئی اپیلوں میں احتساب عدالت کے جج اور نیب کو فریق بنایا گیا تھا۔اپیلوں کے متن میں کہا گیا تھا کہ احتساب عدالت نے انصاف کے تقاضے پورے کیے بغیر سزا سنائی۔ اس لئے قید، جرمانے، نااہلی اور جائیداد قرقی کا عدالتی حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو بری کیا جائے۔اپیلوں میں درخواست کی گئی ہے کہ عدالت عالیہ کی جانب سے فیصلہ آنے تک ان کی سزا کو معطل کیا جائے اور انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردی ہیں۔ ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل 2 رکنی بنچ منگل کو اپیلوں کی سماعت کرے گا۔احتساب عدالت نے 6 جولائی ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو 10، مریم نواز کو 7 اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اس کے علاوہ عدالت نے دیگر ملزمان حسین اور حسن نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تھے۔کیپٹن (ر) صفدر نے فیصلے کے دو دن بعد گرفتاری دی تھی جب کہ نواز شریف اور مریم نواز کو 13 جولائی کی رات لندن سے وطن واپسی پر گرفتار کیا گیا تھا۔
گندی سیاست سے پاکستان جیل میں تبدیل ہو گیا ہے :نواز شریف
اسلام آباد//پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ-نواز (پی ایم ایل-این ) کے سربراہ نواز شریف نے کہا ہے کہ گندی سیاست کی وجہ سے پاکستان ایک 'جیل' میں تبدیل ہو گیا ہے اور ملک کو بچانے کے لئے عوام کو ان کی پارٹی کو ووٹ دینے چاہئے ۔نواز شریف نے ایک ریکارڈ شدہ پیغام میں کہا ہے ''میرا پیغام گھروں، سڑکوں، دیہات تک پھیلا دو اور عوام سے گزارش ہے کہ وہ گھروں سے باہر نکلیں اور ان کے ووٹوں کی بے عزتی کرنے والوں کو ایسا سبق سکھائے کہ وہ کبھی سر نہیں اٹھا سکیں''۔ابھی تک یہ پتہ نہیں چلا ہے کہ یہ پیغام کب اور کہاں ریکارڈ کیا گیا ہے ۔سوشل میڈیا پر وائرل آڈیو پیغام میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے 25 جولائی کو تاریخی جشن منانے کے لیے لوگوں کو 'ووٹ کو عزت دو' کا جھنڈا لے کر نکلنے کا کہا۔2 منٹ پر مشتمل آڈیو پیغام میں مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نے الزام عائد کیا کہ انہیں اور ان کی بیٹی مریم نواز کو عوام سے دور رکھنے کے لیے جیل میں ڈالا گیا لیکن وہ نہیں جانتے کہ جیلیں عوام سے رشتہ نہیں توڑ سکتیں اور نہ ہی کوئی آمر اس مقصد میں کامیابی حاصل کر سکتا ہے ۔اسی دوران پنجاب حکومت نے نوازشریف کی سیکیورٹی کے لیے 6 سینئر افسران اور مریم نواز کی سیکیورٹی کے لیے ایک خاتون اور 4 افسران مقرر کردیئے ۔نواز شریف کو بی کلاس جیل دی گئی تاہم مریم نواز عام بیرک میں ہیں، انہوں نے بی کلاس جیل کی سہولت لینے سے انکار کردیا۔ذرائع نے بتایا کہ جیل میں نواز شریف کے پاس کھانا بنانے کے لیے الیکڑک ہیٹر موجود ہے ۔
نوازشریف نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دئے:عمران خان
میانوالی//چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف آصف زرداری نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔میانوالی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام کو ملکی مسائل سے آگاہ کرنا میرا کام ہے، کرپشن کی وجہ سے عوام کا پیسا چوری ہوجاتا ہے اور ملک کا خرچ پورا نہیں ہوتا، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی نے گزشتہ 10 سالوں میں کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑدئیے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بیرون ملک کا قرض ہے اور روپے کی قدر کم ہونے سے قوم پر ایک ارب قرض بڑھ گیا، 10 سال قبل ڈالر60 روپے کا تھا جو آج 130 روپے پرپہنچ گیا، ڈیڑھ ماہ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر20 روپے گری ہے جب کہ قرضوں کی واپسی کے لیے عوام پر ٹیکس لگے گا جس سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔